راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک) جوائنٹ سٹاف ہیڈ کوارٹر ز راولپنڈی میں جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کا ایک اہم اجلاس ہواہے جس کی صدارت چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود نے کی ہے جبکہ اجلاس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف، چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل ذکاءاللہ ، ایئر چیف مارشل سہیل امان اورمسلح افواج کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔آئی ایس پی آر کے مطابق اجلاس میں آپریشن ضرب عضب میں جاری کامیابیوں کا جائزہ لیا گیا اور مسلح افواج کے جوانوں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود نے دہشتگردی کیخلاف جنگ کے ذریعے عوام کا اعتماد حاصل کرنے میں کامیابی پر مسلح افواج کو سراہا۔ اجلاس میں شریک تینوں سربراہوں اور سینئر افسران نے دہشتگردی اور شدت پسندی کے خاتمہ میں حکومت کی مدد کیلئے آپریشن جاری رکھنے پر اتفا ق کیا۔اجلاس میں قومی سلامتی کے معاملات اور خطے میں جیو سٹریٹجک صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔ شرکا ئ نے مسلح افواج کی اندرونی اور بیرونی خطرات سے نمٹنے کی صلاحیتوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔اجلاس کے آخر میں شرکاءنے مسلح افواج کی طرف سے کسی بھی خطرے کا بھرپور جواب دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔