پشاور/اسلام آباد (آئی این پی ) وزیر اعظم نواز شریف نے سانحہ پشاور میں جاں بحق ہونے والوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے آئندہ سے 16 دسمبر کا دن قومی عزم تعلیم کے دن کے طور پر منانے کا اعلان کیا۔سانحہ اے پی ایس میں جاں بحق ہونے والوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے مرکزی تقریب آرمی پبلک اسکول میں منعقد ہوئی جس میں سول و عسکری قیادت نے شرکت کی۔ تقریب میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف، وزیر اعظم نواز شریف، وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار، وزیر دفاع خواجہ آصف، گورنر خیبر پختونخوا مہتاب عباسی، وزرائے اعلیٰ اور دیگر سیاسی قائدین بھی شریک تھے۔تقریب میں پاک فوج کی جانب سے شہداء کے لواحقین میں اعزازی میڈلز اور اسناد تقسیم کیے گئے، جبکہ طلبا نے دشمن کو ہر محاذ پر شکست دینے کے عزم کا اظہار کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ آج دکھ اور غم کے بوجھل احساس کے ساتھ یہاں آئے ہیں، پشاور میں ایک سال پہلے درد ناک سانحہ پیش آیا جس نے پوری قوم کو ہلا کر رکھ دیا، جو دیواریں بچوں کے ترانے سنتی تھیں بارود سے گونج اٹھیں اور پوری قوم نے اس واقعے کا درد محسوس کیا۔انہوں نے کہا کہ اس دردناک واقعے کے بعد پوری قوم نے سوال کیا کہ کیا ایسے درندے کسی نرمی کے مستحق ہیں؟ کیا اب بھی وقت نہیں آیا کہ تقسیم کی ساری لکیریں ختم کریں؟۔ان کا کہنا تھا کہ سانحے کے بعد سیاسی و عسکری قیادت ایک جگہ بیٹھی اور فیصلہ کیا کہ غیر معمولی حالات میں غیر معمولی اقدامات کی ضرورت ہے، دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے، دہشت گردی پر فیصلہ کن ضرب لگانے اور معصوم بچوں کی جانیں لینے والوں کو عبرت ناک سزا دینے کا فیصلہ کیا گیا۔نواز شریف نے کہا کہ معصوم شہیدوں کے لہو نے ہم سب کو ایک کردیا، سیاسی قیادت کے تعاون سے آئینی ترمیم کی، فوجی عدالتیں بنائیں اور نیشنل ایکشن پلان بنایا گیا، ہماری بہادر افواج ایک جان ہو کر مشن میں مصروف ہیں، آپریشن ضرب عضب میں دہشت گردوں کی کمر توڑ دی ہے، دہشت گردوں کی تربیت گاہیں تباہ ہوچکی ہیں اور اب وہ دن دور نہیں جب دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہوجائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ آج کی دنیا تعمیر و ترقی کی دنیا ہے، خوشحالی کا سورج بھی علم کے افق سے طلوع ہوتا ہے، تعلیم دشمن انسانیت کے دشمن ہیں، علم کی شمع بجھانے والوں کا وجود ختم کردیا جائے گا اور پاکستان کا گوشہ گوشہ امن کا گہوارہ بنے گا۔انہوں نے کہا کہ نئی نسل کو اچھی تعلیم و تربیت سے آراستہ کرنا ہماری ذمہ داری ہے، توانائی کے بحران پر قابو پانے اور کراچی میں دیرپا امن لانے کی کوشش کررہے ہیں، بلوچستان میں ترقی و خوشحالی کے مشن پر چل رہے ہیں اور اب یہاں یہاں بارود کا دھواں اور نفرت کے نعرے نہیں ہوں گے۔وزیر اعظم نے کہا کہ 16 دسمبر کا المیہ ہمارے دلوں کو چھلنی ضرور کر گیا لیکن ہمیں ایک دوسرے کے قریب کردیا، یہ دن ہمارے لیے روشنی کا مینار بنے گا، شہید بچوں کے لہو کا حساب لیں گے اور یہ بچے ہمارے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ شہید بچوں کے والدین کے دکھ سے آگاہ ہوں، شہید بچوں کے لہو کی حرارت نے پاکستان کو ایک ملک کی حیثیت سے بدل کر رکھ دیا ہے، شہید بچوں کے لہو نے پاکستان کے مستقبل کا راستہ متعین کردیا جبکہ سیکیورٹی فورسز بچوں کے لہو میں اپنا لہو بھی شامل کررہے ہیں۔نواز شریف نے 16 دسمبر کا دن ’قومی عزم تعلیم‘ کے دن کے طور پر منانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ دن ہماری تاریخ کا حصہ بن چکا اور ہمیں جہالت کے اندھیروں کو ہمیشہ کے لیے ختم کرنا ہے۔انہوں نے آرمی پبلک شہداءیونیورسٹی بنانے کا بھی اعلان کیا۔