کراچی(نیوز ڈیسک) تعلیمی اداروں میں ممکنہ خدشات کے پیش نظر دہشتگردوں کے خلاف موثر کارروائی کے لئے اسپیشل سیکیورٹی یونٹ نے ریڈ الرٹ جاری کر دیا ہے اور کمانڈوز کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہے۔ ترجمان ایس ایس یو کے مطابق اے آئی جی اسپیشل سیکیورٹی یونٹ مقصوداحمد نے ریڈ الرٹ جاری کرتے ہوئے تمام کمانڈوز کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں ،آئی جی سندھ کی جانب سے احکامات دیئے گئے ہیں کہ تعلیمی اداروں میں ممکنہ دہشتگردی کے پیش نظر فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے۔ قومی اخبار کے مطابق اے آئی جی مقصود احمد نے خواتین سمیت کمانڈوز کو نجی ،سرکاری ،مشنری تعلیمی اداروں کے اوقات کار کے دوران دہشتگردوں کے خلاف فوری کارروائی کرنے کے احکامات دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسپیشل اینڈ ٹیکٹس(SWAT)ٹیم پر مشتمل کمانڈوز جدید اسلحہ ،مواصلاتی نظام اور دیگر سازو سامان کے ساتھ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے فوری نمٹنے کے لئے تیار ہیں ،انہوں نے کہا کہ کمانڈوز دہشتگردوں کے خلاف بھر پور کارروائی کے لئے پوری طرح تیار ہیں اور بزدل دہشتگرد جو معصوم بچوں ،خواتین وبزرگوں کو نشانہ بناناچاہتے ہیں انکے ہر عزائم کو ناکام بنادیا جائے گا۔