راولپنڈی (این این آئی) کور کمانڈرز کانفرنس نے آپریشن ضرب عضب کی کامیابیوں کوسراہتے ہوئے آرمی پبلک سکول پشاور کے شہداءکو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہاہے کہ ہم اس آپریشن میں ملنے والی کامیابیوں کو مزید مستحکم کرینگے اور یہی شہیدوں اورزخمیوں کےلئے سب سے بڑا خراج عقیدت ہے ۔کور کمانڈرز کانفرنس منگل کو یہا ں جی ایچ کیو میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی صدارت میں ہوئی ۔افسران کو ملک کے اندرونی اور بیرونی سلامتی کے بارے میں جامع بریفنگ دی گئی ۔کانفرنس کے شرکاءنے پاکستان کی سلامتی کے تناظر میں ابھرتے ہوئے جیو سٹریٹجک ماحول پر غور کیا ۔آپریشن ضرب عضب کی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے شرکاءنے آرمی پبلک سکول کے شہیدوں کی قربانیوں اوران کے غمزدہ خاندانوں سے یکجہتی کااظہار کیا جن کے پیارے 16دسمبر 2014کو المناک دہشتگرد ی کے واقعہ میں شہید ہوئے تھے ۔ان شہیدوں اور زخمیوں کی مادر وطن کےلئے عظیم قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے آرمی چیف نے اس عزم کااظہار کیا کہ ہم آپریشن ضرب عضب کی کامیابوں کو مزید مستحکم کر نے کےلئے اقدامات جاری رکھیں گے اور یہ شہداءاور زخمیوں کےلئے سب سے بڑا خراج عقیدت ہوگا ۔