پارا چنار (آئی این پی ) کرم ایجنسی میں پارا چنار کے علاقے ٹل اڈا میں عید گاہ مارکیٹ اتوار بازار میں بم دھماکے کے نتیجے میں 15افراد جاں بحق ،40سے زائد زخمی ہو گئے ،زخمیوں کو کرم ایجنسی ہیڈ کو ارٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا، سکیورٹی فورسز نے پارا چنار کے داخلی و خارجی راستے سیل کر کے جائے وقوعہ سے دو مشکوک افراد کو گرفتار کر لیا،صدر مملکت ، وزیر اعظم ، وزیر داخلہ ، امیر جماعت اسلامی سراج الحق ،وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف سمیت دیگر سیاسی رہنماﺅں نے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ، وزیر اعظم نواز شریف نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہار تعزیت اور زخمیوں کو بہتر ین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ۔تفصیلات کے مطابق اتوار کو کرم ایجنسی میں پارا چنار کے علاقے ٹل اڈا میں عید گاہ مارکیٹ اتوار بازار میں دن 12بجے کے قریب بم دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 15افراد جاں بحق ،40سے زائد زخمی ہو گئے ،زخمیوں کو کرم ایجنسی ہیڈ کو ارٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا، سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ، پارا چنار کے داخلی و خارجی راستے سیل کر دیئے گئے جبکہ جائے وقوعہ سے دو مشکوک افراد کو گرفتار کر لیا گیا ۔پولیٹیکل انتظامیہ کے مطابق دھماکا خیز مواد کپڑے کے ڈھیر کے نیچے رکھا گیا تھا ،دھماکے کے وقت لوگ گرم کپڑوں کی خریداری میں مصروف تھے ،دھماکے کی آواز دو ر دور تک سنی گئی ۔ذرائع کے مطابق دھماکے کے بعد کرم ایجنسی ہیڈ کو ارٹر ہسپتال میں ایمر جنسی نافذ کر دی گئی،ہسپتال میں خون، مشینری اور ضروریات کی قلت پڑ گئی جس کی وجہ سے زخمیوں کو دیگر ہسپتالوں میں منتقل کیا جانے لگا ۔ ،صدر مملکت ممنون حسین ، وزیر اعظم نواز شریف ، وزیر داخلہ چودھری نثار ، سپیکر و ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی ،وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف ،پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین آصف زرداری ، تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان ، قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ ، امیر جماعت اسلامی سراج الحق سمیت دیگر سیاسی رہنماﺅں نے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ، وزیر اعظم نواز شریف نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہار تعزیت اور زخمیوں کو بہتر ین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔