راولپنڈی (نیوزڈیسک)آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے امریکی نائب وزیر خارجہ انتھونی بلنکن نے ملاقات کی اورا فغانستان مفاہمی عمل کے دوبارہ آغاز کی ضرورت پر زور دیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق جی ایچ کیو راولپنڈی میں ہونے والی ملاقات میں پاکستان میں امریکا کے سفیر ڈیوڈ ہیل اور امریکا کے پاکستان اور افغانستان کے خصوصی نمائندہ رچرڈ اولسن بھی موجود تھے۔ ملاقات میں خطے کی سکیورٹی صورتحال سمیت دو طرفہ امور پر بات چیت کی گئی۔امریکی نائب وزیر خارجہ انتھونی بلنکن نے خطے میں استحکام کے لیے افغان مفاہمتی عمل کے دوبارہ شروع کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی قربانیوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔