اسلام آباد(نیوز ڈیسک)مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف نے بھارتی ہم منصب نریندر مودی سے پیرس میں ہونے والی عالمی ماحولیاتی کانفرنس میں بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج کی ہارٹ آف ایشیا کانفرس میں شرکت پر بات کی تھی۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سرتاج عزیز کا کہناتھا کہ پیرس میں ہونے والی ملاقات میں وزیر اعظم نواز شریف نے نریندر مودی سے سشما سوراج کی ہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں شرکت پر بات کی تھی بھارتی وزیر اعظم نے پہلے قومی سلامتی کے مشیروں کی ملاقات پر زور دیا تھا، یہ بھی طے پایا کہ سیکرٹری خارجہ بھی ملاقات میں موجود ہونگے۔ کرکٹ سیریز سے متعلق کوئی بات نہیں ہوئی ،سیریز سے متعلق جلد جواب ملنے کی امید ہے تاہم ابھی حتمی طورپر کچھ نہیں کہہ سکتا۔پاکستان اور بھارت کے مذاکرات میںڈیڈلاک کافی حد تک دور ہوگیا ہے یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ جامع مذاکرات کب شروع ہوں گے۔ سشما سوراج کل پاکستان آرہی ہیں بھارتی وزیر خارجہ سے کہتا ہوں کہ آپ کے منتظر ہیں۔انہوں نے بتایا کہ افغان صدر 9 دسمبر کو پاکستان آرہے ہیں اور ہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ افغان صدر سے افغان مفاہمتی عمل پر بھی بات ہوگی۔ہارٹ آف ایشیا کانفرنس کے موقع پر سائیڈ لائن ملاقاتیں بھی ہونگی۔