اسلام آباد(نیوز ڈیسک)بھارت کی وزیر خارجہ سشما سوراج ایشیا سیکورٹی کانفرنس میں شرکت کیلئے ایک روزہ دورے پر 8دسمبر کو پاکستان آئینگی۔بھارتی میڈیا نے حکومتی ذرائع کے حوالے سے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ سشما سوراج کے ہمراہ بھارتی سیکرٹری خارجہ ایس جے شنکر بھی پاکستان آئیں گے۔توقع ہے کہ اس دورے میں سشما سوراج مشیر خارجہ سرتاج عزیز اور وزیراعظم نواز شریف سے بھی ملاقاتیں کریں گی۔کانفرنس میں شرکت کے بعد اگلے روز ہیسشما سوراج بھارت واپس لوٹ جائیں گی۔جولائی میں اوفا کانفرنس کے موقع پر نواز ،مودی ملاقات کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان یہ پہلا اعلی سطحی رابطہ ہوگا۔اس سے پہلے کانفرنس میں شرکت کیلئے وزیر مملکت برائے امور خارجہ وی کے سنگھ کو پاکستان بھیجا جانا تھا تاہم پیرس کانفرنس کے موقع پر نواز شریف اور مودی کے درمیان غیر رسمی بات چیت کے بعد سشما سوراج کو اسلام آباد بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا۔