اسلام آباد(آن لائن)وزیراعظم ہاﺅس نے لندن میں امریکی نمائندے سے ملاقات کے حوالے سے خبروں کی تردید کردی ۔ترجمان وزیراعظم ہاﺅس نے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف سے لندن میں کسی امریکی عہدیدار نے ملاقات نہیں کی اور نہ ہی امریکہ میں دہشت گردی کے حملے میں مبینہ طور پر ملوث پاکستانی شہری کے بارے میں اوبامہ کا کوئی پیغام دیا گیا۔ترجمان نے کہا کہ میڈیا پر نوازشریف سے امریکی عہدیدار کی ملاقات سے متعلق خبریں من گھڑت ہیں اور میڈیا ایسی خبریں چلانے سے پہلے تصدیق کرلیا کرے کیونکہ ایسی خبروںسے ملکی مفادات کو نقصان پہنچتا ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز ملکی و غیر ملکی میڈیا نے وزیراعظم نوازشریف سے امریکی عہدیدار کی ملاقات کے حوالے سے خبریں چلائیں تھیں جن میں کہا گیا تھا کہ ایکہ امریکی نمائندے نے وزیراعظم کو امریکی صدر اوبامہ کا اہم پیغام پہنچایا ہے اور وزیراعظم کو امریکی نمائندے نے امریکہ میں دہشت گردی میں مبینہ طور پر ملوث تاشفین کے پاکستان میں رابطوں بارے آگاہ کیا تھا۔