کراچی (صباح نیوز)ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس کا دوہرا مقدمہ درج کرنے کے لئے قانونی مشاورت مکمل کر لی گئی ہے۔ مقدمہ کی تفتیش پاکستان اور برطانیہ میں مشترکہ طور پر ہو گی۔جے آئی ٹی برطانیہ میں مقیم ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین سمیت دس اہم شخصیات کو بھی شامل تفتیش کرے گی۔ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس کی تحقیقات کرنے والی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے دوسرے مقدمے کے اندراج کے لئے تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ نجی ٹی وی رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے کہا گیاہے کہ قانونی مشاورت مکمل ہونے کے بعد مقدمے کا حتمی ڈرافٹ تیار کر لیا گیا ہے۔ آئندہ چوبیس گھنٹوں میں مقدمہ درج کر لیا جائے گا۔مقدمے میں گرفتار تین ملزم محسن علی سید، خالد شمیم اور معظم علی کا اعترافی بیان اور جے آئی ٹی کی رپورٹ شامل کی جائے گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ برطانیہ میں مقیم ایم کیو ایم کے قائد الطاف حیسن اور دیگر دس شخصیات کو شامل تفتیش کیا جائے گا۔ اس حوالے سے پاکستان اور برطانوی حکام کے درمیان کافی حد تک معاملات طے پا چکے ہیں۔ ذرائع کے مطابق مشترکہ تحقیقاتی ٹیم لندن میں داکٹر عمران فاروق کی اہلیہ کا بیان بھی قلمبند کرے گی اور ان سے معلومات حاصل کی جائیں گی۔ذرائع بتاتے ہیں کہ دوران تفتیش اگر الطاف حسین قتل کیس میں ملوث پائے گئے تو پھر ان کا نام چالان میں شامل کر کے عدالت میں پیش کیا جائے گا۔