ملتان (آئی این پی)وزیر اعظم نواز شریف نے ملتان تا فیصل آباد ایم فور موٹر وے کے خانیوال تا ملتان سیکشن کا افتتاح کر دیا جبکہ اس موقع پر وزیر اعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ایم فور سے ملتان میں بھاری گاڑیوں کے رش میں کمی آئے گی‘ ایم فور موٹر وے ملتان شہر کےلئے بائی پاس کا کردار بھی ادا کرے گی‘ ایم فور موٹر وے سے بلوچستان اور سندھ سے آنے والی ٹریفک کی آمدورفت میں آسانی ہو گی۔ ہفتہ کو افتتاح کے موقع پر گورنر پنجاب رفیق رجوانہ اور وفاقی وزیر خوراک سکندر حیات بوسن بھی موجود تھے۔ خانیوال ملتان سیکشن ایم فور فیصل آباد ملتان موٹر وے کا حصہ ہے ۔ خانیوال ملتان سیکشن کراچی لاہور موٹر وے کا توسیعی منصوبہ ہے۔ وزیر اعظم کو موٹر وے منصوبے کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ 56 کلو میٹر طویل خانیوال ملتان سیکشن چار رویہ ہے۔ خانیوال ملتان سیکشن میں 4 انٹر چینجز ‘ 17 پل اور 28 سب ویز ہیں ‘ 12 ارب 90 کروڑ روپے کے اس منصوبے میں 90 کروڑ روپے کی بچت کی گئی ہے۔ یاد رہے کہ ایم فور موٹر وے کے فیصل آباد تا گوجرہ سیکشن پر ٹریفک رواں دواں ہے جبکہ گوجرہ سے شور کوٹ سیکشن پر رواں ماہ کام کا آغاز کیا گیا ہے۔ شور کوٹ سے خانیوال سیکشن پر جلد کام کا آغاز کر دیا جائیگا۔ ملتان شہر میں ٹریفک بالخصوص بھاری گاڑیوں کے رش میں کمی آئے گی۔ ایم فور موٹر وے ملتان شہر کے لئے بائی پاس کا کردار بھی ادا کرے گی۔ ایم فور موٹر وے سے بلوچستان اور سندھ سے آنے والی ٹریفک کی آمدورفت میں آسانی ہو گی۔ قبل ازیں وزیر اعظم نوا زشریف کے ملتان پہنچنے پر وفاقی و زیر سکندر حیات بوسن اور گورنر پنجاب رفیق رجوانہ نے وزیر اعظم کا استقبال کیا۔