نیویارک (نیوز ڈیسک)پاکستان نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کے ادارے اپنے دائرہ کار کے تحت ذمہ داریاں پوری کریں بین الاقوامی امن وسلامتی سکیورٹی کونسل کی ذمہ داری ہے جبکہ قومی سطح پر امن ،سلامتی اور استحکام کو یقینی بنانا ہر خود مختار ملک کی ذمہ داری ہے انسانی حقوق اور دیگر امور کے بارے میں متعلقہ اداروں کو ہی کام کرناچاہیے۔اقوام متحدہ میں پاکستان کے قائمقام مستقل مندوب نبیل منیر نے سلامتی ترقی اور تنازعات کی بنیادی وجوہات کے موضع پر سلامتی کونسل میں ہونے والی بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہاکہ قومی سطح پر ترقی و انسانی حقوق جیسے معاملات سکیورٹی کونسل کے دائرہ کار سے باہر ہیں اسے عالمی امن وسلامتی پرتوجہ دینی چاہیے۔برطانیہ کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں بحث کے دور ان پاکستانی نمائندے نے کہا کہ اگر سلامتی کونسل یہ ذمہ داریاں لی گئیں تو دیگر ادارے کیا کرینگے۔انہوںنے کہاکہ ہم اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ سلامتی کونسل کو چھوٹے معاملات سے گریز کر نا چاہیے اور اپنا بوجھ نہیں بڑھانا چاہیے۔انہوںنے کہاکہ سلامتی کونسل میں صرف دس منتخب رکن موجود ہیں جبکہ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے منتخب ارکان کی تعداد 47ہے پاکستان چاہتا ہے کہ تمام ادارے اپنے دائرہ کار میں رہ کر کام کریں۔