کراچی(نیوز ڈیسک)سندھ کے 14اور پنجاب کے 12 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے لیے آج پولنگ صبح ساڑھے 7 بجے شروع ہو گئی جو بغیر کسی وقفے کے شام ساڑھے 5بجے تک جاری رہے گی۔ پنجاب کے 12 اور سندھ کے 14 اضلاع میں پولنگ ہو رہی ہے۔پنجاب میں اٹک ، جہلم، میانوالی،حافظ آباد، منڈی بہاء الدین، گوجرانوالہ ، ساہیوال،خانیوال،چنیوٹ، سرگودھا ، شیخوپورہ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ کے عوام حق رائے دہی استعمال کریں گے۔سندھ کے 14 اضلاع میں حیدرآباد، ٹھٹھہ، سجاول،مٹیاری، جام شورو، دادو، بدین،ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو الہ یار،میرپورخاص، نواب شاہ،نوشہروفیروز، عمرکوٹ اور تھرپارکر میں انتخابی معرکہ ہے ۔دوسری جانب الیکشن کمیشن نے سندھ کی 76 یونین کونسلز، ٹاؤ ن اورمیونسپل کمیٹیوں میں انتخابات ملتوی کر دیئے ہیں۔ پولنگ کے دوران سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں، پولیس اور رینجرز کے دستے تعینات کئے گئے ہیں جبکہ فوج کو بھی اسٹینڈ بائی رکھا گیا ہے۔ پاک فوج اور پولیس نے مختلف علاقوں میں فلیگ مارچ بھی کیا۔پولنگ کے دوران کسی بھی شخص کو لائسنس اسلحہ لے کر گھو منے کی بھی اجا ز ت نہیں ہو گی۔