اسلام آباد(نیوزڈیسک) وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے ) نے وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان کے حکم پر ملک بھر میں انسانی سمگلنگ اور غیر قانونی طور پر لوگوں کو ملک سے باہر بھیجنے والے عناصر کیخلاف کریک ڈاﺅن کرتے ہوئے 68 چھاپوں کے دوران 77 ایجنٹس کو گرفتار کرلیا ہے۔ گرفتار افراد کے قبضے سے سینکڑوں کی تعداد میں پاسپورٹ، جعلی ویزے اور سفری دستاویزات بھی برآمد کی گئی ہیں۔وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ انسانی سمگلنگ میں ملوث عناصرمجبور لوگوں کا استحصال کرنے کےساتھ دنیا بھر میں پاکستان کی بدنامی کا باعث ہیں، وفاقی وزیر نے ایف آئی اے حکام کو ہدایت کی کہ مہم کو مزید تیز کرتے ہوئے چھاپوں کا دائرہ کار دیہی علاقوں تک بڑھایا جائے۔