واشنگٹن (نیوزڈیسک)فرانس کی قومی فضائی کمپنی ‘ائر فرانس’ کی امریکا سے پیرس آنے والے دو پروازوں کو بم کی اطلاع پر امریکا اور کینیڈا کے دو مختلف ہوائی اڈوں اتار لیا گیا۔امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق ائر فرانس کی لاس اینجلس سے پیرس روانہ ہونے والی پرواز کو بم کی اطلاع پر امریکی ریاست یوٹا کے سالٹ لیک سٹی میں اتار لیا گیا جبکہ واشنگٹن سے پیرس کے لئے روانہ ہونے والی پرواز کو کینیڈا کے شہر ہیلی فیکس میں اتار لیا گیا۔ائر فرانس نے ایک مختصر بیان میں کہا کہ دونوں پروازوں کی روانگی کے بعد نامعلوم شخص کی جانب سے ان میں بم کی اطلاع ملی تھی۔بیان میں مزید بتایا گیا کہ سلامتی سے متعلق تمام قواعد پر عمل درآمد کے بعد ہم نے حفظ ما تقدم اور مکمل سیکیورٹی معانئے کے لئے دونوں جہازوں کی سالٹ لیک سٹی اور ہیلی فیکس میں لینڈنگ کی درخواست کی۔فیڈرل ایوی ایشن کے ترجمان نے تصدیق کی کہ پرواز 65 کو سالٹ لیک شہر کی طرف موڑ دیا گیا تھا۔ پرواز بحفاظت اتر چکی ہے لیکن خاتون ترجمان نے سیکورٹی خطرے سے متعلق بیان پر تبصرہ کرنے سے انکار کیا۔کینیڈا کے نشریاتی ادارے سے نے ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ پرواز کو کیوں موڑا گیا ابھی کچھ کہنا قبل از وقت ہے؟ پرواز کو نووا سکوٹیا کے مقام پر اتار لیا گیا ہے اور مسافروں کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے۔سوشل میڈیا پر لاس اینجلس سے اڑنے والی پرواز کے بارے میں کافی تبصرے کیے گئے کہ جب یہ پرواز یوٹا ہوائی اڈے پر اتری تو ہوائی اڈے پر پولیس گاڑیوں کی ایک بہت بڑی تعداد موجود تھی۔ فیڈرل ایوی ایشن کے حوالے سے بتایا گیاکہ اس پرواز کو سیکورٹی خدشات کی بنا پر سالٹ لیک شہر موڑا گیا تھا۔