اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف نے کہا ہے کہ نندی پور پاور پراجیکٹ کے بارے میں تحقیقاتی رپورٹ تیار ہو گئی ہے، منصوبے کی کل لاگت 58 ارب روپے اور بجلی کی پیداوار 430 میگاواٹ ہے۔ ہمارے دور میں جو اخراجات آئے ان کو بھی رپورٹ میں شامل کیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق خواجہ آصف نے کہا کہ نندی پور پاور پراجیکٹ کے بارے میں مختلف قیاس آرائیاں کی گئیں اور کہا گیا کہ اس پراجیکٹ کا تخمینہ 22 ارب روپے سے بڑھ کر 84 ارب روپے تک پہنچ گیا ہے۔ یہ بھی کہا گیا کہ نندی پور سے 400 میگاواٹ بجلی پیدا نہیں ہو سکتی۔ انہوں نے کہا کہ اس پراجیکٹ کی لاگت، پیداوار اور بند رہنے سے متعلق تمام اعداد و شمار غلط ہیں کیونکہ اس پر 51 ارب روپے خرچ ہوئے ہیں اور 84 ارب روپے لاگت کی نفی تو نیپرا بھی کر چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نندی پور پاور پراجیکٹ اپریل 2011ئ میں مکمل ہونا تھا لیکن مقررہ وقت پر مکمل نہ ہونے کی وجہ سے اخراجات میں اضافہ ہوا اور منصوبے میں تاخیر بھی گزشتہ حکومت میں ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ جب مسلم لیگ ن کی حکومت آئی تو اس وقت تک 65 فیصد کام مکمل ہوا تھا۔ بہت سی مشینری کراچی پورٹ اور چائنہ میں پڑی تھی جن کے اخراجات میں روز بہ روز اضافہ رہا تھا اور یہی وجہ ہے کہ اس کی لاگت میں بھی اضافہ ہو گیا۔