فیصل آباد(آن لائن)مسلم لیگ ن کے سربراہ اوروزیراعظم پاکستان نوازشریف نے پنجاب میں بلدیاتی اداروں کے سربراہان کے تقرر کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب کوہدایت کی ہے کہ وہ کسی بھی مسلم لیگ ن کے ممبرقومی وصوبائی اسمبلی اورصوبائی اوروفاقی وزراءکے بھائی ،بیٹے کوامیدوارکے طورپرنامزدنہ کریں ۔آن لائن کے مطابق وزیراعظم نے یہ احکامات فیصل آباداوردیگرشہروں میں دھڑے بندیوں کے ساتھ ساتھ ممبران قومی وصوبائی اسمبلی جواپنے بیٹے اوربھائیوں کومیئر،چیئرمین میونسپل کمیٹی اورچیئرمین ضلع کونسل بناناچاہتے ہیں ان کاتدارک کرنے کےلئے جاری کئے ہیں ،وزیراعظم کی ہدایت ہے کہ وہ ایسے منتخب ہونے والے ممبران کوان اداروں کاسربراہ منتخب کریں جوشیرکے نشان پرمنتخب ہوئے اورمسلم لیگ ن کے ساتھ ان کی ناصرف وابستگی ہے بلکہ وہ عوام کے مسائل کوترجیح بنیادوں پرحل کرسکتے ہیں ۔چنانچہ اس ہدایت کی روشنی میں وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنے صاحبزادے اورممبرقومی اسمبلی حمزہ شہبازشریف کوذمہ داری سونپی ہے کہ وہ پنجاب کے بلدیاتی اداروں کے سربراہوں کے امیدواروں کیلئے اپنی فہرست مرتب کریں جبکہ مختلف اداروں نے بے داغ ماضی کے حامل افرادکی فہرست ابتدائی طورپرمرتب کرلی جوآئندہ دویوم میں وزیراعلیٰ پنجاب کے ساتھ ساتھ وزیراعظم کوبھی بھیج دی جائے گی۔