لاہور( این این آئی)لاہور میں بلدیاتی انتخابات کے دوران بیلٹ پیپرز پر امیدواروں کے انتخابی نشانات کی غلط چھپائی کے انکشاف کے بعدپولنگ کا عمل روکدیا گیا ۔صوبائی دارالحکومت کی یونین کونسل نمبر185اور 231میں مسلم لیگ (ن) کے چیئرمین کے امیدوار وں جبکہ یونین کونسل 86میں آزادامیدوار کے انتخابی نشان تبدیل کر دئیے گئے ۔یوسی 231اتفاق کالونی چونگی امر سدھو میں چیئرمین کے لئے پی ٹی آئی کے ملک بابراعوان اور (ن) لیگ کے جاوید اقبال کے درمیان مقابلہ جاری تھا تاہم پولنگ کا عمل اس وقت روکدیا گیا جبکہ (ن) لیگ کے ووٹرزنے امیدوارپر انکشاف کیا کہ انکے انتخابی نشان کی جگہ شیرکی جگہ ” ہیر ا“ انتخابی نشان چھاپ دیا گیا ہے ۔امیدوار کی طرف سے احتجاج کے بعد ووٹرز کو اندر آنے سے روکدیا گیا ۔ اس موقع پر دونوں جماعتوں کے رہنماﺅں میں تلخ کلامی بھی ہوئی ۔ دوسری طرف یونین کونسل 185میں 32سیدن شاہ میں بھی اسی طرح کا واقعہ پیش آیا جہاں (ن) لیگ کے چیئرمین کے امیدوار رانا سجاد کے انتخابی نشان شیر کی بجائے بالٹی چھاپ دیا گیا ۔ یہاںبھی ووٹنگ کا عمل روکدیا گیا ۔یونین کونسل86میں چیئرمین کے لئے آزادامیدوارچوہدری ساجد نے اپنے انتخابی نشان” ہیرا“ کی بجائے ڈھول چھاپ دینے پر پولنگ کاعمل رکوادیا ۔ ان شکایات کے بعد پریذائیڈنگ افسران نے الیکشن کمیشن کے ذمہ داران سے رجوع کرلیا ۔