واشنگٹن(نیوزڈیسک)سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان کی جوہری صلاحیت کو محدود کرنے کی نہ تو کوئی تجویز ہے اور نہ ہی پاکستان اس کو قبول کرے گا۔ ایک تازہ انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے جوہری پروگرام پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا خارجہ سیکرٹری نے کہا کہ پاکستان کے جوہری پروگرام کا مقصد اپنی دفاعی صلاحیت کو برقرار رکھتے ہوئے بھارتی جارحیت کو روکنا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے کولڈ سٹارٹ نظریے کے تحت اگلے مورچوں پر فوج تعینات کر رکھی ہے اور پاکستان کو اپنے دفاع کیلئے ہتھیار بنانے کا مکمل حق حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے جوہری پروگرام کا مقصد جنگ نہیں بلکہ جنگ کو روکنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں پائیدار امن اسی صورت میں قائم ہوسکتا ہے جب تمام فریقین اور افغان حکومت کے درمیان مفاہمت ہوگی۔