لاہور(آن لائن)پیپلزپارٹی کے رہنما اعتزاز احسن نے پیپلز پارٹی کی عوامی پذیرائی کھو جانے کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی بلدیاتی الیکشن میں نہیں بلکہ 2018 کے عام انتخابات میں کم بیک کرے گی ،منگل کے روز لاہور ہائی کورٹ کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے رہنما چوہدری اعتزاز احسن نے کہا کہ کرکٹ کسی ایک ملک کی ملکیت نہیں بلکہ دنیا بھر کے شائقین کی ملکیت ہے، چیئرمین پی سی بی کا کرکٹ بحالی کے لئے دورہ بھارت خوش آئند ہے لیکن بھارتی رویے پر افسوس ہے، پاکستان کو آئی سی سی میں اپنا کیس بھرپور انداز میں لڑنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی انتہا پسند جماعت شیوسینا بے لگام ہوچکی ہے، وہاں پاکستان دشمنی میں اضافہ ہوتا جارہا ہے اس کے علاوہ مقبوضہ کشمیر سمیت پورے بھارت مسلمانوں کی زندگی بھی تنگ کی جارہی ہے،انہوں نے کہا کہ نوازشریف کا امریکا جاتے ہوئے رویہ سنجیدہ نہیں تھا، وہ مسلم لیگ (ن) کے نہیں پوری قوم کے وزیر اعظم بن کر امریکا جائیں اور ضمنی انتخاب کے بجائے پاک امریکا سول نیوکلیئر معاہدے پر توجہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ دوران گفتگو اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ ملک میں ضمنی الیکشن کے نتائج میں پیپلز پارٹی عوام کی پذیرائی حاصل کرنے میں ناکام رہی ہے اور بلدیاتی الیکشن میں بھی اس کے اثرات مثبت نہیں ہوں گے ،انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی بلدیاتی انتخابات میں نہیں بلکہ 2018 کے عام انتخابات میں کم بیک کرے گی۔