واشنگٹن(نیوز ڈیسک)وزیراعظم نوازشریف کے دورے سے پہلے امریکی ایوان نمائندگان میں ایک قرارداد پیش کی گئی ہے۔ جس میں پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کی حمایت کی گئی ہے۔ قرار داد میں نوازشریف کو پاکستان کی تاریخ میں پہلے کامیاب جمہوری انتقال اقتدار کی علامت بھی قرار دیا گیا ہے۔ قرار داد سینئر رکن شیلا جیکسن نے پیش کی جو خارجہ امور کمیٹی کو بھیج دی گئی ہے۔قرارداد میں پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون اور جمہوری عمل کی استحکام کی حمایت کی گئی ہے۔ قرار داد میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی قوم القاعدہ اور دیگر دہشت گرد گروپوں کے حملوں کا نشانہ بنتی رہی ہے اور 50ہزار سے زیادہ پاکستانی ان حملوں میں جاں بحق ہوچکے ہیں۔ پاکستان نے مالی اور انسانی جانوں کی بھاری قیمت پر سرحدی علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب فوجی آپریشن کیے ہیں۔وزیراعظم نوازشریف دہشت گردوں کو شکست دینے کے لیے نیشنل ایکشن پلان پر عمل کررہے ہیں تاکہ تمام مذہبی و نسلی اقلیتوں سمیت پاکستانی قوم بحفاظت رہ سکے۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ تجارت ، تعلیم اور ترقی کے شعبوں کے ذریعے پاکستان اور امریکا کے درمیان عوامی سطح کے تبادلوں میں اضافے کے زبردست مواقع موجود ہیں۔ ماضی میں پاکستان کے لیے امریکی حمایت اور تعاون کا ذکر کرتے ہوئے قرار داد میں دہشت گردی کے خلاف جدوجہد میں پاکستانی عوام کے ساتھ یک جہتی کا اظہار کیا گیا ہے۔ پاکستان میں جمہوری عمل کے استحکام کی حمایت کرتے ہوئے قرارداد میں جمہوری پاکستان کے ساتھ دوستی اور اسٹریٹجک پارٹنرشپ کے عزم کا اعادہ کیا گیا ہے۔