خیبرایجنسی(نیوز ڈیسک)خیبرایجنسی کی تحصیل لنڈی کوتل اور ملحقہ علاقوں میں سیکیورٹی فورسز نے مختلف کارروائیوں میں 18 دہشتگردوں کو گرفتار کر لیا ، کروڑوں روپے مالیت کی ملکی اور غیرملکی کرنسی بھی برآمد کرلی۔ خیبرایجنسی میں نیشنل ایکشن پلان کے تحت سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری ہیں۔ تحصیل لنڈی کوتل اور دیگرعلاقوں میں سیکیورٹی فورسز نے مختلف کارروائیوں کے دوران اٹھارہ دہشتگردوں کو گرفتار کر لیا۔ ان کارروائیوں میں چھ کروڑ روپے سے زائد مالیت کی ملکی اور غیرملکی کرنسی بھی برآمد کر لی گئی۔ برآمد کی جانے والی کرنسی میں ڈالر ، سعودی رالس ، درہم اور پاکستانی کرنسی کے علاوہ سونا اور چاندی بھی شامل ہے۔ سیکیورٹی حکام کے مطابق دہشتگرد اس کرنسی کے ذریعے افغانستان میں اسلحہ خریدتے تھے یہ اسلحہ پاکستان میں دہشتگردی کی کارروائیوں میں استعمال کیا جاتا تھا۔ گرفتار دہشتگردوں کی تحویل سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔ خیبرایجنسی کے بیشتر علاقوں کو آپریشن خیبر ون اور خیبرٹو کے ذریعے دہشتگردوں سے پاک کرا دیا گیا ہے۔