اسلام آ باد(نیوز ڈیسک)پاکستان اور روس کے درمیان ایک معاہدے پر دستخط کیے گئے جس کے تحت پاکستان میں گیس پائپ لائن تعمیر کی جائے گی۔جمعے کو اسلام آباد میں ایک تقریب کے دوران معاہدے پر دستخط کیے گئے جس میں وزیرِ اعظم نواز شریف بھی موجود تھے۔سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق اس معاہدے کے تحت 1100 کلومیٹر طویل پائپ لائن بچھائی جائے گی اور روس اس منصوبے پر تقریباً دوارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا۔معاہدے پر روس کے وزیر توانائی الیگز ینڈر نوویک اور پاکستان کے وفاقی وزیر پیٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے دستخط کیے۔روس کے وزیر توانائی الیگز ینڈر نوویک کی سربراہی میں ایک روسی وفد نے جمعرات کو کراچی اور لاہور کے درمیان پائپ لائن بچھانے کے لیے قدرتی وسائل کے وزیر شاہد خاقان عباسی سے ملاقات کی تھی۔سالانہ 12 اعشاریہ چار ارب کیوبک میٹر کی گنجائش والی 1100 کلو میٹر طویل پائپ لائن کراچی میں مائع قدرتی گیس کے ٹرمینلز کو لاہور کے ساتھ منسلک کرے گی۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ یہ منصوبہ توانائی بحران پر قابو پانے کے لیے نہایت اہم ثابت ہوگا۔انھوں نے یقین ظاہر کیا کہ اس منصوبے پرتعمیراتی کام دسمبر 2017 تک مکمل ہوجائے گا