واشنگٹن(نیوز ڈیسک)پاکستان میں امریکی سفیر رچرڈ اولسن کو پاکستان اور افغانستان کے لیے امریکی نمائندہ خصوصی مقرر کردیا گیا۔ وہ 17نومبر سے نئی ذمہ داریاں سنبھال لیں گے۔امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق رچرڈ اولسن کو ڈین فیلڈ مین کی جگہ پاکستان اور افغانستان کے لیے امریکی نمائندہ خصوصی مقرر کردیا گیا ہے۔ وہ پاکستان میں بطور امریکی سفیر اپنی مدت پوری کرنے کے بعد 17نومبر کو پاکستان اور افغانستان کے لیے امریکی خصوصی نمائندے کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔رچرڈ اولسن امریکی قومی سلامتی کے مفادات سے متعلق پالیسیوں اور پروگراموں پرعمل درآمد کے ذمہ دار ہوں گے۔ وہ گزشتہ 3سال سے پاکستان میں امریکی سفیر کے عہدے پر فائز ہیں، اس سے قبل وہ کابل میں بطور کوآرڈینیٹنگ ڈائریکٹر معاشی امور اور افغان حکومت کے لیے جاری غیر فوجی امدادی پروگراموں کے نگراں رہ چکے ہیں۔اولسن2008 سے2011 تک متحدہ عرب امارات میں امریکی سفیر کے طور پر پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ وہ سینئر فارن سروس کے ممبر بھی ہیں اور 1982سے امریکی محکمہ خارجہ سے وابستہ ہیں۔