اسلام آباد (آن لائن) اسلام آباد ہائی کورٹ نے وزیراعظم کسان پیکج بحال کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا ہے، جمعرات کے روزجسٹس نور الحق این قریشی اور جسٹس عامر فاروق پر مشتمل ڈویڑن بنچ نے وفاق کی جانب سے دائر درخواست پر محفوظ فیصلہ سنایا۔واضح رہے کہ بدھ کے روز الیکشن کمیشن کی جانب سے ایڈووکیٹ منیر پراچہ نے عدالت میں پیش ہو کرضابطہ اخلاق سے متعلق ریکارڈ عدالت میںپیش کیا تھا،جس پر جسٹس نور الحق این قریشی نے ریمارکس دیتے ہوئے استفسار کیا تھا کہ سیاسی جماعتوں کی مشاورت کے بغیرضابطہ اخلاق کی قانون میں کیا حیثیت ہے؟عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن نے خود ابہام پیدا کیا ہوا ہے، بعد ازاں عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا تھا جو گزشتہ روز سنایا گیا ، یاد رہے کہ وزیراعظم نوازشریف نے پندرہ ستمبر کو تین سو اکتالیس ارب روپے کے کسان پیکج کا اعلان کیا تھا ،جسے الیکشن کمیشن نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے پیکج کے تین اہم نکات پر عمل درآمدتین دسمبر تک روک دیا تھا۔ جس پر وفاقی حکومت نے عدالت عالیہ سے رجوع کیا تھا۔