انقرہ (نیوزڈیسک) پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکی کو انتہائی مشکل چیلنجز کا سامنا ہے جس سے ملکر نمٹیں گے ، ہم مربوط طرز فکر اختیار کرکے ان چیلنجز پر قابو پانے میں کی کامیاب ہوجائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ترک ہم منصب سے ملاقات میں کیا جبکہ انہوں نے ترکی کے رہنما کمال اتاترک کے مزار پر حاضری دی اور پھول چڑھائے ۔ آرمی چیف جنرل راحیل کو دہشت گردوں کیخلاف کامیاب آپریشنز پر ترکی کا لیجنڈ آف میرٹ ایوارڈ سے بھی نوازا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف تین روزہ دورے پر ترکی پہنچ گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل راحیل شریف نے ترکی کے رہنما کمال اتا ترک کے مزار پر پھول چڑھائے اور دعا مانگی، جنرل راحیل شریف نے ترکی کی بری افواج کے ہیڈ کوارٹر زکا بھی دورہ کیا ۔اس موقع پرخطاب میں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ ترکی کو در پیش چیلنجز سمجھتے ہیں ، مشکل کی ہر گھڑی میں ساتھ دینگے ، پاک ترکی برادرانہ تعلقات ہر آزمائش پر پورے اترے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انھیں انقرہ میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعے پر افسوس ہے۔ انہوں نے دہشت گرد دھماکوں پردلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ہم ترکی کو درپیش چیلنجز کی شدت کو سمجھتے ہیں اور ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل راحیل شریف کو ترک بری افواج کے ہیڈ کوارٹرز پہنچنے پر گارڈ آف آنرز پیش کیا گیا جبکہ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف نے ترک آر می چیف سے بھی ملاقات کی جس میں دہشت گردی کے خلاف تعاون اور انٹیلی جنس کے تبادلے پر بات چیت کی گئی۔ ملاقات میں بارودری سرنگوں کے خاتمے پر اتفاق کیا گیا۔ ترک ہم منصب کے ساتھ گفتگو کے دوران آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہاکہ پاکستان اور ترکی کو انتہائی مشکل چیلنجز کاسامنا ہے، دونوں ممالک ملکر ان سے نمٹیں گے اور مجھے یقین ہے کہ ہم مشترکہ اورمربوط طرز فکر اختیار کرکے ان چیلنجوں پر قابو پانے میں کامیاب ہوجائینگے۔ ہم ترکی کو اپنی غیرمتزلزل حمایت کایقین دلاتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ پاک فوج کی قیادت اور بہیمانہ دہشتگردی کاکامیابی سے مقابلہ کرنے کیلئے سمت اورمقصدکاواضح تعین ایک مثالی طریقہ ہے۔آرمی چیف کو خطے میں امن و استحکام اور دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر ترکی کا لیجنڈ آف میرٹ ایوارڈ بھی دیا گیا۔عسکری ذرائع کے مطابق جنرل راحیل شریف ایسے موقع پر ترکی پہنچے ہیں جب پوری ترک قوم حالیہ دھماکوں میں بڑے پیمانے پر اموات کی وجہ سے سوگ میں ہے