اسلام آباد(نیوزڈیسک)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات کا کہنا ہے کہ ضمنی انتخابات میں عوام نے غلط زبان اور بد اخلاقی کی سیاست کو مسترد کیا ہے، عمران خان بھی جھوٹ کی سیاست اور جمہوری اداروں پر کیچڑ اچھالنے کی بجائے عوامی مسائل کی بات کریں۔ اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے پرویز رشید نے کہا کہ عمران خان ایاز صادق پر الزامات دہراتے تھے، پہلے انکوائری کمیشن نے ان الزامات کو مسترد کیا، کل عوام کی عدالت نے بھی عمران خان کے جھوٹ کو بے نقاب کر دیا۔ کل عوام نے ووٹوں کے ذریعے ثابت کردیا 50 ہزار ووٹ جعلی نہیں تھے ، تحریک انصاف کا ٹارگٹ اسپیکر تھے ،ڈھائی سال سے کہا جارہا تھا پارلیمنٹ اور اسپیکر جعلی ہیں ، کل عمران کا جھوٹ ایک بار پھر بے نقاب ہوگیا۔پرویز رشید نے کہا کہ انتخابی نتائج کو متنازع بنانا جمہوری اداروں پر کیچڑ اچھالنے کے مترادف ہے ، عمران خان ماضی کی تلخیوں کو دفنا دیں، اور آئندہ ڈھائی سال ملکی ترقی کے لیے ہمارے ساتھ مل کر کام کریں۔عمران خان صاحب! آپ نے جوڈھائی سال رویہ رکھا ہم بھلانے کے لیے تیارہیں، عمران خان صاحب پارلیمنٹ آئیں اورملکی ترقی کے لیے حکومت کو مشورہ دیں۔ اس سے قبل پلان انٹرنیشنل کے زیر اہتمام بچیوں کے حقوق سے متعلق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرویز رشید نے کہا کہ عورتوں اور بچیوں کے حقوق کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ کم عمر کی شادی کے قانون پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔