لاہور (نیوزڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے کہا ہے کہ حلقہ این نے 122میں حکومت الیکشن کمیشن ،ریلوے ،پولیس اور ایمپائر اپنے ساتھ ملا کر الیکشن لڑ رہی ہے اس لیے اس حلقے میں پی ٹی آئی کا مقابلہ اداروں سے ہے ۔حکومت سمجھتی ہے کہ این اے 122سے ن لیگ جیت جائے گی لیکن پی ٹی آئی کے پاس خفیہ ہتھیار ہے جس کا نام عبد العلیم خان ہے ۔ن لیگ کو لگتا ہے کہ این اے 122سے جیتیں گے اس لیے حلقے میں الیکشن کروائے جبکہ اس کے برعکس لودھراں میں پی ٹی آئی کا زور دیکھ کر ن لیگ عدالت کے پیچھے چھپ گئی اور سٹے آرڈر لے لیا ۔لاہور میں این اے 122کے ضمنی انتخاب کی مہم کے آخری روز جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ حکومت سمجھ رہی ہے کہ تمام ایمپائر اپنے ساتھ ملا کر ضمنی الیکشن جیت جائیں گے لیکن انہیں پی ٹی آئی کے پوشید ہ ہتھیار کا علم نہیں ہے جس کا نام عبد العلیم خان ہے ۔عبد العلیم خان کو ن لیگ کے درباری قبضہ گروپ کہتے ہیں ،سب سے بڑی قبضہ مافیہ ن لیگ خود ہے ۔انہوں نے کہا کہ آج پتہ چل گیا کہ این اے 122میں عوام تبدیلی کا فیصلہ کر بیٹھیں ہیں اس لیے حکومت دھاندلی کے بغیر نہیں جیت سکتی ۔عمران خان کا کہنا تھا کہ مجھ پر غداری کا الزام لگا یا جا رہا ہے ،غدار وہ ہوتا ہے جو ملک سے بے وفا ئی کرتا ہے ۔قوم عمران خان کو چالیس سال سے جانتی ہے جب سے کرکٹ میں پاکستان کا سر دنیا کے سامنے اونچا کیا ۔انہوں نے کہا کہ غدار وہ ہوتا ہے کہ برے وقت میں ملک کو چھوڑ کر بھاگ جائے ،میرا جینا مرنا پاکستان کے ساتھ ہے ۔میاں نواز شریف بیرون ملک دوروں میں پاکستان میں سرمایہ کاری پر زور ڈالتے ہیں لیکن ان کے اپنے بچے بیرون ملک میں کاروبار کر رہے ہیں ۔