کراچی:کراچی کے مختلف علاقوں میں رینجرز نے کارروائی کرتے ہوئے سیاسی جماعت کے 5مشتبہ افراد سمیت 7افراد کو حراست میں لے لیا۔ ادھر میر پورخاص میں پولیس نے لیاری گینگ وار کے اہم ملزم افضل بارودی کو گرفتار کرلیا۔ذرائع کے مطابق رینجرز نے لیاقت آباد سندھی ہوٹل کے قریب کارروائی کی اور 5مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا، جن کا تعلق ایک سیاسی جماعت سے ہے۔ رینجرز نے شاہ فیصل کالونی نمبر5 میں بھی رات گئے سرچ ا?پریشن کیا جس کے دوران علاقے کے تمام داخلی اور خارجی راستوں کو سیل کر دیا گیا۔ کارروائی کے دوران 2افراد کو حراست لے کر تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔دوسری جانب لیاری گینگ وار کے اہم کارندے افضل بارودی کو میر پور خاص پولیس نے گرفتارکر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق افضل بارودی لیاری سے فرار ہو کر میر پور خاص میں روپوش تھا اور بم حملوں سمیت دیگر سنگین جرائم کی وارداتوں میں مطلوب تھا۔ ملزم لیاری کے علاقے کلاکوٹ میں ایک بم دھماکے میں ملوث تھا جس میں 16افراد جاں بحق ہوئے تھے۔ پولیس کے مطابق افضل بارودی کو آج کراچی پولیس کے حوالے کر دیا جائے گا۔