اسلام آباد(نیوزڈیسک) عمران خان نے کہا ہے کہ این اے122کے ضمنی الیکشن میں پی ٹی آئی کے علیم خان جیت گئے تو2013ء کے انتخابات مشکوک ہوجائیں گے،حکومت کو دھاندلی نہیں کرنے دیں گے،شاہ محمود قریشی سے کوئی اختلافات نہیں،ریحام خان نے مجھ پر کبھی حاوی ہونے کی کوشش نہیں کی اور نہ ایسا کرنے دوں گا۔ریحام خان ،سلیمان خان،قاسم خان سیاست میں آنا چاہتے ہیں تو سیاسی عمل سے گزر کر آئیں۔ نجی ٹی وی سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ نوازشریف کو مغل اعظم بننے کا شوق ہے،ان سے کوئی ذاتی دشمنی نہیں وہ ملک کو تباہ کر رہے ہیں،نوازشریف کے ساتھ گھٹیا ترین لوگ ہیں جو گھٹیا ترین بیان دیتے ہیں۔ خواجہ آصف بزدل آدمی ہیں، سٹے آرڈر کے پیچھے چھپے ہوئے ہیں۔ این اے122سے بھاگنے والے نہیں ہیں، میدان میں ہیں۔ اپنے ٹوئیٹر پیغام میں عمران نے کہاہے کہ حکومت جاتی ہے تو جائے ، احتسابی عمل کی نگرانی کا بل خیبر پی کے اسمبلی میں پیش کیا جائے گا‘ بل کی مخالفت کرنے والوں کیلئے پارٹی میں کوئی جگہ نہیں۔ کنفلکٹ آف انٹرسٹ بل لانے کا عوام سے وعدہ کیا تھا جسے وہ لاکر ہی رہیں گے ۔ نندی پور پاور سکینڈل میں شہباز شریف براہ راست ملوث ہیں اور سکینڈل کی انکوائری بھی سانحہ ماڈل ٹائون کی انکوائری کی طرح کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ پی ٹی آئی نندی پور معاملہ دبانے نہیں دے گی۔