اٹک(نیوز ڈیسک) شجاع خانزادہ شہید کی خالی نشست پی پی 16 میں ضمنی الیکشن پر پولنگ شروع ہو گئی ہے۔ پی پی سولہ میں دو امیدوار مسلم لیگ ن کے جہانگیر خانزادہ اور آزاد امیدوار ڈاکٹر نعیم کے درمیان مقابلہ ہے۔ مسلم لیگ نون کے ٹکٹ سے شجاع خانزادہ کے بیٹے جہانگیر خانزادہ حصہ لے رہے ہیں۔ الیکشن میں حصہ لینے کیلئے انہوں نے انگلینڈ کی شہریت چھوڑ دی ہے۔ دوسری جانب ڈاکٹر نعیم اعوان آزاد حیثیت میں انتخاب لڑ رہے ہیں۔ ان کا تعلق پیپلزپارٹی سے ہے مگر پارٹی ٹکٹ نہ ملنے کے سبب وہ آزاد حیثیت میں امیدوار ہیں۔ پی پی سولہ میں رجسٹرڈ ووٹروں کی تعداد ایک لاکھ 31 ہزار چھ سو آٹھ ہے۔ حلقے میں ایک سو سینتیس پولنگ سٹیشن بنائے گئے ہیں۔ جن میں سے چھتیس کو حساس قرار دیا گیا ہے۔ ووٹنگ کے دوران فوج اور رینجرز کے جوان پولنگ سٹیشنز پر تعینات کئے گئے ہیں