لاہور(آن لائن)قومی اسمبلی کے حلقہ این اے122 میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر ریٹرننگ آفیسر نے عابد شیر علی،خواجہ سعد رفیق اور ماروی میمن سے منگل کو جواب طلب کرلیا،وزراءکے خلاف کارروائی کیلئے فیصلہ سنایا جائیگا۔تفصیلات کے مطابق پیر کے روز این اے122 کے ریٹرننگ آفیسر نے آئین و قانون کی خلاف ورزی کرنے پر نوٹس لے لیا ہے اور وفاقی وزراءعابد شیر علی ،خواجہ سعد رفیق اور ماروی میمن کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے منگل کو جواب طلب کر لیا ہے ،الیکشن کمیشن کی جانب سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 122 میں انتخابی مہم چلانے پر وزیر اعظم سمیت وفاقی وزراءپر پابندی عائد کی گئی تھی تاہم گزشتہ روز خواجہ سعدرفیق ،ماروی میمن اور عابد شیر علی نے انتخابی مہم میں حصہ لیتے ہوئے ریلی سے خطاب کیا جس پر ریٹرننگ آفیسر نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر تینوں وزراءسے جواب طلبی کیلئے نوٹس جاری کر دیئے ہیں، منگل کے روز ریٹرننگ آفیسر کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں تینوں وزراءکے خلاف کارروائی کیلئے فیصلہ سنایا جائیگا۔