واشنگٹن:امریکہ نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان میں جاری نیشنل ایکشن پلان کی بھرپور حمایت کرتے ہیں اور اس کے لئے جہاں مدد اور تعاون درکار ہوا مہیا کیا جائے گا۔امریکہ کے معاون نمائندہ خصوصی برائے پاکستان اور افغانستان جاناتھن کارپینٹر نے واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانے میں خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سول، ملٹری اور انٹلی جنس کی طرف سے شدت پسندوں کے خلاف کارروائی نہایت اہم اقدام ہے۔ شمالی وزیرستان اور کراچی میں آپریشن پاکستان کے لئے ضروری تھا اور یہ اقدامات پاکستانی عوام اور معیشت کے لئے ضروری ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ افغان صدر اشرف غنی کی پالیسیاں اور پاکستان کی مصالحتی کوششیں ایک دوسرے کے ساتھ مل کر کام کرنے کی ابتدا ہیں۔ دونوں حکومتوں کی جانب سے یہ تسلیم کر لینا کہ سرحد کے دونوں طرف شدت پسندں کی محفوظ پناہ گاہیں موجود ہیں، جو دونوں ملکوں کی سیکیورٹی کے لئے خطرہ ہیں اور اس کے تدارک کے لئے دونوں کا باہمی تعاون کا فیصلہ بہترین ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ انتخابات کے بعد پاکستان کی اقتصادی صورتحال میں بہتری آرہی ہے اور پاک امریکہ تعلقات میں بھی توسیع ہو رہی ہے۔















































