مہمند ایجنسی (آن لائن) مہمند ایجنسی کی تحصیل صافی میں دہشت گردوں نے ریمورٹ کنٹرول بم سے سیکورٹی فورسز کی گاڑی کو نشانہ بنایا جس میں ایک اہلکار شہید اور دو شدید زخمی ہو گئے ۔ تفصیلات کے مطابق ہفتہ کے روز مہمند ایجنسی کی تحصیل صافی میں بائی زئی کے علاقے شوران درہ کے قریب سیکورٹی فورسز کا قافلہ معمول کے مطابق گشت کر رہا تھا کہ دہشت گردوں نے ریمورٹ کنٹرول بم کے ذریعے سیکورٹی فورسز کی ایک گاڑی کو نشانہ بنایا اور بم دھماکے کے نتیجے میں ایک اہلکار شہید اور دو شدید زخمی ہو گئے ۔دھماکے میں گاڑی مکمل طورپر تباہ ہو گئی جبکہ واقعہ کے بعد دونوں زخمیوں کو مزید علاج کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔ ہسپتال انتطامیہ کے مطابق زخمیوں میں سے ایک اہلکار کی حالت انتہائی تشویشناک ہے جبکہ ایک اہلکار کی حالت خطرے سے باہر ہے تاہم دونوں زخمیوں کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے ۔ سیکورٹی حکام کے مطابق دھماکہ ریمورٹ کنٹرول ڈیوائس کے ذریعے کیا گیا جبکہ واردات کے بعد سیکورٹی فورسز نے علاقے بھر کی ناکہ بندی کر کے ملزمان کی تلاش اور سرچنگ کا عمل شروع کر دیا ہے ۔