نئی دہلی(اے این این)اقوام متحدہ میں پاکستان کے بھارت کیخلاف دہشتگردی کے شواہد پیش کرنے پر بھارتی حکمراں جماعت نے خفت مٹانے کیلئے اسے پاکستان کی ناکامی قرار دیاہے ۔بھارتی حکمراں جماعت بی جے پی کے ترجمان سمبیت پترا نے کھسیانی بلی کھمبا نوچے کے مصداق پاکستان کے بھارتی دہشتگردی کے ثبوت اقوام متحدہ میں پیش کرنے پر ہفتہ کے روز یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کے اقوام متحدہ میں دہشتگردی کے شواہد پیش کرنا پاکستان کی عالمی سطح پرناکامی کو ظاہر کرتاہے ۔اس اقدام سے پاکستان کے عالمی برادری میں بے نقاب ہونے کے بعد مشکل میں پڑ گیاہے ۔وزیر خارجہ سشما سوراج نے پاکستان کو بھرپور جواب دیاہے کہ مذاکرات سے پہلے دہشتگردی کو ختم کرنا ہوگا ۔انہوں نے کہاکہ شملہ معاہدہ اور لاہور اعلامیے کے مطابق پاکستان کےساتھ صرف دوطرفہ مذاکرات ہوسکتے ہیں کسی تیسرے فریق کشمیریوںکی کوئی گنجائش نہیں،اس کے باوجود پاکستان اس کی خلاف ورزی کررہاہے جس سے اس کی ناکامی ظاہر ہوتی ہے ۔واضح رہے کہ پاکستان نے بھارت کے پاکستان میں دہشتگردی کے واقعات میں ملوث ہونے کے ثبوت گزشتہ روز اقوام متحدہ کے سیکرٹری بان کی مون کو پیش کردیئے ۔