لندن (نیوزڈیسک)دہشت گردی کیخلاف جنگ،جنرل راحیل شریف کے نئے بیان نے دنیا کو ”مشکل“ میں ڈال دیا،کہتے ہیں کہ دہشت گردی عالمی مسئلہ ہے،اس کے خلاف عالمی سطح پر رد عمل آناچاہئے- پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ آپریشن ضرب عضب کی کامیابی کے مؤثر نتائج نکلے ہیں ، ملک بھر میں دہشت گردوں کے سلیپر سیلز کا تعاقب جاری رکھیں گے ، دہشت گردی کیخلاف جنگ میں نئے دہشت گردوں کو اُبھرنے نہیں دیں گے ، پراکسی وار کیخلاف ہیں ، اس کیلئے اپنی سرزمین استعمال نہیں ہونے دیں گے ، عالمی برداری ہمارے ماحول اور پس منظر کو سمجھے ۔ وہ جمعرات کو لندن برطانوی دارالعوا م میں مکالمے اور انٹرنیشنل انسٹی ٹیوٹ آف اسڑٹیجک اسٹڈیز سے خطاب کررہے تھے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ کے ٹوئٹس کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل نے مزید کہا کہ دہشت گردی عالمی مسئلہ ہے،اس کے خلاف عالمی سطح پر رد عمل آناچاہئے، ہمارے ماحول اور پس منظر کو سمجھنے کی ضرورت ہے ، ہم مختلف دہشت گرد گروہوں کیخلاف جنگ لڑرہے ہیں اور اس دوران نئے دہشت گردوں کوابھرنے نہیں دینگے، ہم چاہتے ہیں کہ تمام دہشت گرد اور ان کی نرسریاں ختم ہوں۔ ملک بھر میں دہشت گردوں کے سلیپر سیلز کیخلاف کارروائیاں جاری ہیں اور چھپے دہشتگردوں کا تعاقب جاری ہے ۔ طویل مدت کامیابی کیلئے دہشت گردتنظیموں کی فنڈنگ پرنظررکھناہوگی ۔آرمی چیف نے کہاکہ ہم علاقائی امن کیلئے بین الاقوامی برادری سے مثبت کردارکی توقع رکھتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ ہم پراکسی وارکیخلاف ہیں،اپنی زمین پربھی پراکسی وارکی اجازت نہیں دیں گے۔ جنرل راحیل شریف نے کہاکہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ گیم چینجر ہے اور ہم اقتصادی راہداری منصوبے کی تکمیل اورکامیابی کےلئے ہرقدم اٹھائیں گے اور آخری حد تک جائینگے ۔انہوں نے کہاکہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ علاقے میں خوشحالی لائےگا۔لندن سے مرتضیٰ علی شاہ کے مطابق قبل ازیں پاکستان ہائوس میں پاکستان کے ہائی کمشنر سید ابن عباس کی جانب سے دیئے گئے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے جنرل راحیل شریف نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل روشن ہے ، دہشت گردی سے نجات حاصل ہونے تک ضرب عضب جاری رہے گا اس سے ملکی سلامتی پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے ، اس آپریشن سے تبدیلی آئی ہے اور وہ نظر آرہی ہے، مجھے ابتداء ہی سے یہ معلوم تھا کہ ہمیں دہشت گردی کی لعنت سے موثر طورپرنمٹنا ہوگا لیکن ہم نے پہلے مذاکرات کا موقع دیاجائے،بعد میں سب نے میرے خیال سے اتفاق کیا ، آپریشن ضرب عضب کی کامیابی کا سہرا پاک فوج اور پاکستان کے عوام کے سر ہے جنھوں نے پاک فوج کامکمل ساتھ دیا۔ جنرل راحیل شریف نے عشائیے کے شرکاء کو دعوت دی کہ وہ پاکستان آئیں اور اپنی آنکھوں سے دیکھیں کہ اب پاکستان ایک سال قبل کے مقابلے میں زیادہ محفوظ ملک بن چکا ہے۔ جنرل راحیل شریف نے ضرب عضب کے دوران بے گھر ہونے والے تمام لوگوں کو فاٹا میں ان کے گھروں میں دوبارہ آباد کرنے کے عزم کابھی اظہار کیا۔ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل نے کہا کہ پاکستان کامستقبل انتہائی روشن ہے، ہم نے عظیم قربانیاں دی ہیں، اور اب امن، استحکام اور اقتصادی ترقی کے لئے آگے بڑھنے کا وقت ہے، پاک چین اقتصادی راہداری سے صورت حال یکسر تبدیل ہوجائے گی اور اس سے نہ صرف پاکستان بلکہ اس خطے کے تمام ممالک کو فائدہ پہنچے گا، چین پاکستان اقتصادی راہداری سے خطے میں اقتصادی خوشحالی آئے گی، پاکستان بہتری کی جانب گامزن ہے اور اب غیر ملکی سرمایہ کار یہاں سرمایہ کاری کر سکتے ہیں۔