اقوام متحدہ (نیوزڈیسک)وزیرا عظم پاکستان محمد نواز شریف (کل)بدھ کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے اہم خطاب کریں گے جس میں وہ مسئلہ کشمیر سمیت دیگر عالمی و علاقائی امور پر تفصیل سے خطاب کریں گے اورصورتحال پر نظر رکھنے والے عالمی مبصرین کے مطابق توقع ہے کہ پاکستان سے زیادہ بھارت میں ان کے خطاب کو زیادہ اہمیت سے دیکھا جائے گا۔اپنے خطاب میں 3اہم نکات پرروشنی ڈالیں گے۔دفتر خارجہ کے حکام کے مطابق وزیرا عظم جنرل اسمبلی میں اپنے خطاب میں 3اہم نکات پرروشنی ڈالیں گے۔وہ علاقائی اور عالمی امن کے لئے پاکستان کی کوششوں کو اجاگر کرینگے اور عالمی برادری کو کنٹرول لائن اور ورکنگ باﺅنڈری کی صورتحال اور مسئلہ کشمیر کے بارے میں آگاہ کریں گے۔حکام کے مطابق امکان ہے کہ وہ سلامتی کونسل کی مستقل نشستوں میں اضافہ کی بھی مخالفت کریں گے کیونکہ پاکستان یہ سمجھتا ہے کہ یہ کسی بھی مسئلے کاحل نہیں بلکہ پاکستان اقوام متحدہ میں تعمیری اصلاحات کی حمایت کرتاہے۔حکام کے مطابق دہشتگردی کےخلاف جنگ میں پاکستا ن کا کردارایک مسلمہ حقیقت ہے جو اس خطاب کا بھی ایک اہم موضوع ہوگا جبکہ عالمی برادری بھی دہشتگردی کےخلاف جنگ میں پاکستان کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔یاد رہے کہ اگرچہ بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی پہلے ہی جنرل اسمبلی سے خطاب کر چکے ہیں اس لئے وہ نواز شریف کے خطاب کا جواب دینے کی پوزیشن میں نہیں تاہم وزیراعظم پاکستان کے بدھ کو جنرل اسمبلی سے خطاب کے اگلے روز بھارتی وزیرخارجہ سشماسوراج نے خطاب کرنا ہے اور وہ اس حوالے سے جواب دے سکتی ہیں۔