اسلام آباد(نیوزڈیسک)وزیراعظم محمد نواز شریف 25 سے 30 ستمبر تک اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 70 ویں اجلاس میں شرکت کرینگے جہاں وہ 30 ستمبر کو جنرل اسمبلی سے خطاب کرینگے جس میں وہ حکومت کے ہمسایہ ممالک سے پر امن تعلقات اور اقتصادی ترقی کے بارے میں وژن پر روشنی ڈالیں گے جبکہ ترجمان دفترخارجہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس میں شرکت اس امر کی عکاس ہے کہ پاکستان اقوام متحدہ اور عالمی برادری کے ساتھ ملکر عالمی امن ، سیکیورٹی اور ترقی کو درپیش چیلنجوں کا مقابلہ کرنے میں مستحکم کردار ادا کرتا رہے گا ۔ وزیراعظم امریکی صدر باراک اوبامہ اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کیمون کی طرف سے سربراہان کو دیئے گئے استقبالیہ پروگراموں میں بھی شرکت کریں گے۔دفتر خارجہ کی طرف سے جاری ہونیوالے بیان کے مطابق جنرل اسمبلی کے اجلاس میں دنیا بھر سے 150 سے زائد اہم رہنما شرکت کرینگے ۔ وزیراعظم اپنے خطاب میں مختلف امور پر پاکستان کے موقف
مزید پڑھئے: لاہور میں 15گھنٹے سے مسلسل بارش
اور عالمی امور پر ترجیحات سے بھی عالمی رہنماﺅں کو آگاہ کرینگے ۔ پروگرام کے مطابق وزیراعظم نواز شریف 27 ستمبر کو 2015 ءکے بعد کے ترقیاتی ایجنڈے کے بارے میں اقوام متحدہ کے سربراہ اجلاس سے خطاب کرینگے ۔ اقوام متحدہ نے آئندہ 15 سال کے دوران ٹھوس ترقیاتی اہداف کا تعین کیا ہے جو میلینیئم ترقیاتی اہداف کی جگہ لیں گے ۔ وزیراعظم نواز شریف امریکی صدر باراک اوبامہ کے ساتھ مل کر اقوام متحدہ کی امن سرگرمیوں کے بارے میں سربراہ اجلاس کی میزبانی کرینگے جس میں ممبر ملکوں کی طرف سے اقوام متحدہ کی امن کوششوں کے بارے میں مشترکہ سیاسی عزم اور حمایت کا اظہار کیا جائیگا پاکستان اس حوالے سے اہم کردار ادا کر رہا ہے ۔ وزیراعظم جنوب جنوب تعاون کے بارے میں اعلیٰ سطحی گول میز کانفرنس اور صنفی مساوات و خواتین کو بااختیار بنانے کے بارے میں عالمی رہنماﺅں کے اجلاس میں بھی شرکت کرینگے جس کی میزبانی چین کے صدر ژی جن پنگ کرینگے ۔ وزیراعظم مختلف عالمی رہنماﺅں سے ملاقاتیں بھی کرینگے جن میں باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی و عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائیگا ۔ دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم کی جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس میں شرکت اس امر کی عکاس ہے کہ پاکستان اقوام متحدہ اور عالمی برادری کے ساتھ ملکر عالمی امن ، سیکیورٹی اور ترقی کو درپیش چیلنجوں کا مقابلہ کرنے میں مستحکم کردار ادا کرتا رہے گا ۔