اسلام آباد(نیوز ڈیسک)سندھ حکومت اور نیب کے درمیان نئی جنگ چھڑنیوالی ہے ۔نیب کی جانب سے مختلف کرپٹ افسران سے متنازع عمل پلی بارگین کے ذریعے حاصل ہونیوالی رقم میں سے 25فیصد حصہ کاٹ کر 1کروڑ51لاکھ35ہزار روپے کے دو چیک سندھ حکومت کو دیئے گئے ، جوکہ باونس ہوگئے ہیں ۔ اور سندھ حکومت کے محکمہ خزانہ وروینیونے جعلسازی کے الزامات کے تحت نیب کے خلاف مقدمہ درج کرانے کیلئے وزیر اعلی سندھ سے اجازت طلب کرلی۔ 1کروڑ51لاکھ35ہزار روپے کے دو چیک نیب نے 12ستمبر2015کوسندھ حکومت کو دیئے تھے ۔ یہ رقم نیب نے ان بدعنوان افسران سے وصول کی تھی ، جوکہ لوٹی ہوئی رقم کا کچھ حصہ دینے پر رضامند ہوئے تھے ، جس میں 25فیصد حصہ کاٹ کر نیب نے اس رقم کے دو چیک سندھ حکومت کو فراہم کیے، لیکن جب متعلقہ افسران نے یہ چیک جمع کرائے تو دونوں چیک باونس ہوگئے۔ نیب سندھ کی ترجمان قدسیہ قادری نے ایک انگریزی روزنامے بات کرتے ہوئے کہاکہ وہ ایسی کسی بھی پیش رفت سے لاعلم ہیں ، اگر اس نمائندے کے پاس ایسے کسی واقعے کے شواہد موجود ہیں تو وہ پیر کو ان کے دفتر میں ان سے ملاقات کریں، اور ریکارڈ سے معلومات تلاش کرکے انہیں مطلع کردیا جائیگا۔ تاہم انگریزی روزنامے نے معلومات کی ہر طرح سے تصدیق کی اور تمام اطراف یہ تصدیق ہوئی کہ نیب کے چیکس باونس ہوئے ہیں۔