اسلام آباد( سپیشل رپورٹ) پاکستان کے سب سے بڑے ٹیلی ویژن نیٹ ورک جیو نے آج ایک بار پھر اپنے ناظرین سے معافی مانگ لی‘ جیونیٹ ورک کے اینکر پرسن اور ملک کے مشہور صحافی طلعت حسین نے 22فروری کی رات ساڑھے آٹھ بجے اپنی رپورٹ میں اہل سنت والجماعت کے سربراہ مولاناا حمد لدھیانوی کو اپنے پروگرام میں دعوت دی تھی‘ مولانا احمد لدھیانوی نے پروگرام میں برصغیر پاک و ہند کے ان علماءکے فتوﺅں کا ذکر کیا جن کے ذریعے اہل تشیع کو کافر قرار دیا گیا تھا‘ پروگرام نشر ہونے کے بعد ملک بھر سے اہل تشیع کی طرف سے شدید رد عمل سامنے آیا‘ پیمرا نے بھی اس پروگرام کا نوٹس لیا اور جیو ٹیلی ویژن کو قانونی نوٹس جاری کر دیا‘ جیو نے آج اس پروگرام پر ناظرین سے معافی مانگ لی۔ یہ گزشتہ ایک سال میں جیو کی پانچویں بڑی معافی ہے۔ جیو نیٹ ورک کے ناظرین نے اس معافی کے بعد میڈیا انڈسٹری سے یہ پوچھنا شروع کر دیا‘ جیو کب تک غلطیاں کرتا رہے گا اور قوم سے معافیاں مانگتا رہے گا۔ غلطیاں بند کریں‘ معافی مانگنا ترک کریں۔