ہفتہ‬‮ ، 28 دسمبر‬‮ 2024 

پولیس میڈیکل کور

datetime 10  فروری‬‮  2022
ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

’’فوج ملک کا امیر ترین ادارہ ہے‘ یہ ہسپتال بھی بنا سکتا ہے‘ سکول‘ یونیورسٹیاں اور ہائوسنگ سکیمیں بھی‘ پولیس کے پاس تو یونیفارم اور سٹیشنری کے لیے بھی پیسے نہیں ہوتے‘ ہم مانگ تانگ کر گاڑیوں میں پٹرول ڈلواتے ہیں‘ ہماری رائفلیں اور آنسو گیس کے شیل تک ایکسپائرڈ ہوتے ہیں لہٰذا ہم ملک میں اچھے اور معیاری ہسپتال کیسے بنائیں گے اور ہم نے اگر بنا بھی لیے تو ہم ڈاکٹرز

اور نرسیں کہاں سے لائیں گے؟‘‘ مجھے وہ آواز سے ناراض لگ رہے تھے‘ وہ پولیس افسر تھے اور انہیں میرا پولیس ہسپتال کا آئیڈیا پسند نہیں آیا تھا‘ ان کا کہنا تھا’’پولیس غریب اور مظلوم ہے‘ اسے عوام سے بھی مار پڑتی ہے اور حکومت سے بھی‘ ہمیں اگر ملک کے دفاعی اداروں کے بجٹ کا دس فیصد بھی دے دیا جائے تو ہم ملک کو اندر سے محفوظ اور پرامن بنا دیں گے لیکن ہمیں گالیوں کے سوا کچھ نہیں ملتا‘‘ میں نے ہنس کر عرض کیا ’’ملک صاحب آپ کی بات درست ہو گی لیکن آپ کے سوال کے اندر ہی جواب موجود ہے‘ یہ درست ہے فوج نے ہسپتال بھی بنائے‘ تعلیمی ادارے بھی‘ ہائوسنگ سوسائٹیاں بھی اور اس نے فیکٹریاں بھی لگائیں اور تیل اور گیس کی تلاش کی کمپنیاں بھی بنائیں‘ ہم کہہ سکتے ہیں یہ طاقتور ادارہ ہے‘ اس کے پاس کھربوں روپے کا بجٹ بھی ہے اور یہ سب اس بجٹ اور اس طاقت کا نتیجہ ہے لیکن ہم اگر باقاعدہ ریسرچ کے بعد ڈیٹا جمع کر کے تجزیہ کریں تو بات بالکل مختلف نکلے گی‘ فوج میں انگریز کے دور سے میڈیکل‘ ایجوکیشن اور انجینئرنگ تین کورز موجود ہیں ‘فوج ملک سے چن چن کر ٹاپ کے انجینئرز‘ ٹیچرز اور ڈاکٹرزکو ان کورز میں شامل کر لیتی ہے اور یہ کمال کر دیتے ہیں‘ اب سوال یہ ہے فوج کو اعلیٰ درجے کے لوگ کہاں سے مل جاتے ہیں؟فوج دراصل ان لوگوں کو کمیشنڈ آفیسر کی حیثیت سے ادارے میں شامل کرا دیتی ہے لہٰذا ملک کے زیادہ تر ماہر استاد‘ ڈاکٹرز اور انجینئرز سول کے بجائے فوج میں شامل ہونا پسند کرتے ہیں‘ کیوں؟ کیوں کہ فوج انہیں ڈائریکٹ کیپٹن کا رینک دے دیتی ہے اور ان کی پروموشن بھی جلدی ہو جاتی ہے اور انہیں سہولتیں بھی زیادہ ملتی ہیں لہٰذا یہ سول گورنمنٹ کی بجائے آرمڈ سروسز کو فوقیت دیتے ہیں‘ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بارآرمی میڈیکل کورکی خاتون ڈاکٹر نگار جوہر لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے تک بھی پہنچ گئی ہیں‘سر یہ ادارے اور یہ ماڈل بھی پاکستانی ہیں‘ آپ ان ماڈلز کو کاپی کیوں نہیں کرتے؟ آپ کو کس نے روکا ہے‘‘ وہ ہنسے اور ہماری بات چیت ختم ہو گئی۔

پاک فوج بھی پاکستانی ادارہ ہے‘اس میں بھی ہمارے بیٹے بھائی کام کرتے ہیں اور اگر یہ ادارہ پاکستانی ہو کر کوئی سسٹم بنا اور چلا رہا ہے تو ملک کے باقی ادارے بھی سسٹم بنا اور چلا سکتے ہیں‘ ہم نے بس کھلے دل کے ساتھ فوجی سسٹم کا مطالعہ کرنا ہے اور پھر اسے اڈاپٹ کر لینا ہے‘ ہم بھی ٹریک پر آ جائیں گے مثلاً آپ پولیس ہسپتال کے ایشو ہی کو لے لیجیے‘ پولیس اگر ادارے کے اندر سپیشل برانچ‘

سی ٹی ڈی‘ ڈالفن فورس اور ٹریفک پولیس جیسے سیمی انسٹی ٹیوٹ بنا سکتی ہے تو یہ پولیس میڈیکل کور اور پولیس انجینئرنگ کور کیوں نہیں بناتی؟ آپ میڈیکل کور اور انجینئرنگ کور بنائیں اور ڈاکٹرز اور انجینئرز کو ڈائریکٹ اے ایس پی کا رینک دے کر بھرتی کر لیں‘ میڈیکل کالجز کے پرنسپلز اور پروفیسرز تک لائین میں کھڑے ہو کر پولیس میں بھرتی ہو جائیں گے‘ ملک کی انجینئرنگ کریم بھی

پولیس میں آ جائے گی‘آپ اپنے زمینی حقائق کو ذہن میں رکھیں‘ پاکستان کے 22 کروڑ لوگ تھانے داربننا چاہتے ہیں‘ فوج طاقتور ادارہ ہے لیکن فوجی افسر بھی پولیس میں آنے کے لیے زور لگاتے رہتے ہیں‘ آدھے سے زائد کیپٹن اور میجر ایس پی اور ایس ایس پی بننا چاہتے ہیں اگر یہ پولیس میں آنا چاہتے ہیں تو ڈاکٹرز اور انجینئرز کیوں نہیں آئیں گے؟یقین کریں لائین لگ جائے گی‘ پولیس کے پاس جگہ کا بھی کوئی ایشو نہیں‘ ہر شہر‘ ہر تحصیل اور ہر ضلع میں پولیس کے پاس ایکڑوں کے حساب سے زمینیں موجود ہیں‘

آپ وہاں ہسپتال شروع کر دیں‘ فنڈ حکومت سے لیں‘ حکومت نہ دے تو آپ اپنے ریزرو فنڈ سے رقم نکال کر ہسپتال بنائیں اور منافع کا ایک حصہ پولیس کے پینشنرز اورملازمین کو دیتے رہیں ا گر یہ بھی ممکن نہ ہو تو آپ کمپنی بنائیں‘ اس کا سٹاک لانچ کریں‘ عوام سے رقم اکٹھی کریں اور ہسپتال بنا لیں‘ پولیس کے ہسپتالوں میں پولیس کے افسروں اور جوانوں کا علاج فری کریں اور عوام کو چارج کریں‘

ہسپتال بھی چل پڑیں گے‘ عوام کو بھی فائدہ ہو گا اور پولیس فورس کا علاج بھی ہوتا رہے گا‘ پولیس اسی طرح ہر صوبے میں میڈیکل کالج اور انجینئرنگ یونیورسٹی بھی بناسکتی ہے‘ اس سے انہیں نیا ٹیلنٹ بھی ملے گا اور ریونیو بھی‘ پولیس کی انجینئرنگ کور آگے چل کر سڑکیں بھی بنا سکتی ہے اور ان کی مینٹیننس کے ٹھیکے بھی لے سکتی ہے‘ یہ بے شک گیس اور تیل کی ڈرلنگ نہ کرے لیکن

یہ گیس کی سروسز کے شعبے میں تو آ سکتی ہے مگر پولیس کا المیہ یہ ہے یہ یونیفارم اور جوتے تک مارکیٹ سے خریدتی ہے‘یہ اگر چاہتی تو یہ کم از کم دو تین شو فیکٹریاں‘ تین چار کاٹن ملز اور رائفلیں بنانے کے دو تین کارخانے لگا سکتی تھی‘ اس میں کیا حرج تھا؟ ملک میں پانچ ساڑھے پانچ لاکھ پولیس فورس ہے اور یہ لوگ اکیلے نہیں ہیں‘ یہ پانچ ساڑھے پانچ لاکھ خاندان ہیں‘ اگر ایک خاندان میں

پانچ افراد ہوں تو یہ 25لاکھ لوگ بنتے ہیں اور یہ تعداد کم نہیں ہوتی‘ یورپ میں13ملکوں کی آبادی اس سے کم ہے اور یہ سب لوگ خریدار ہیں‘ پولیس اپنے خاندانوں کے لیے کم از کم فروٹ اینڈ ویجی ٹیبلز منڈیاں ہی بنا لیتی‘ آپ ملازمین اور ان کے خاندانوں کے لیے کپڑوں اور جوتوں کی فیکٹریاں ہی لگا لیتے‘ آپ پولیس ملازمین کے بچوں کے لیے سکول‘ کالج اور یونیورسٹیاں ہی بنا لیتے اور آپ ہسپتال

اور انجینئرنگ کمپنیاں ہی بنا لیتے تو آج پولیس فورس کا مورال‘ ریونیو اور امیج کہاں ہوتا؟ اسلام آباد میں پولیس فائونڈیشن کے نام سے ایک ہائوسنگ سکیم بنی تھی‘ اس کے پاس پرائم لوکیشن تھی لیکن فائونڈیشن کرپشن کی نذر ہو گئی‘ دائیں بائیں موجود ہائوسنگ سوسائٹیاں دس گنا ہو گئیں‘لوگ پولیس فائونڈیشن کے پلاٹ بیچ بیچ کر کھرب پتی ہو گئے لیکن فائونڈیشن کا بیڑہ غرق ہو گیا‘ آج بھی

پولیس فائونڈیشن کی سڑکیں ٹوٹی ہوئی ہیں اور گٹڑ ابل رہے ہیں‘ آپ اسے ڈی ایچ اے بنا سکتے تھے‘ آپ کو کس نے روکا تھا؟ہمارے ملک کا سب سے بڑا المیہ حسد اور منفی سوچ ہے‘ ہم خود آگے بڑھنا نہیں چاہتے اور دوسروں کو آگے بڑھتا ہوا دیکھنا نہیں چاہتے لہٰذا پورا ملک جام ہو کر رہ گیا ہے‘ پاکستان میں مارکیٹ ہی مارکیٹ اور روزگار کے ذرائع ہی ذرائع ہیں‘ ہم نے تو ابھی تک صاف ستھری سبزیوں‘ گوشت اور دودھ کا بھی بندوبست نہیں کیا‘ آپ ملک کی کسی سبزی منڈی میں چلے جائیں آپ کو

ایوان صدر اور وزیراعظم ہائوس جانے والے ٹماٹر اور پیاز بھی نالے کے کنارے پڑے ملیں گے جب کہ فروٹ کیچڑ کے اندر دھنسا ہو گا‘ آپ انہیں دیکھیں اور پھر خود سے سوال کریں کیا یہ بزنس اپارچیونٹی نہیں؟ پولیس اگر صرف یہ مارکیٹ ہی اٹھا لے‘ یہ پورے ملک میں فروٹ اور ویجی ٹیبلز کی مارکیٹیں بنا دے تو یہ ایک مہینے میں بلین ڈالر کمپنی کھڑی کر سکتی ہے‘ ہم دنیا میں دودھ پیدا کرنے والا چوتھا بڑا ملک ہیں‘ نیسلے کا دودھ کا دنیا کا سب سے بڑا پلانٹ پاکستان میں ہے لیکن آپ دل پر ہاتھ رکھ کر

جواب دیجیے کیا اس ملک میں صدر اور وزیراعظم کو بھی خالص دودھ ملتا ہے؟ جواب اگر ناں ہے تو پھر بتائیے کیا یہ مارکیٹ نہیں ؟ پولیس کا ویلفیئر ٹرسٹ دودھ کی مارکیٹ میں کیوں نہیں آتا؟ یہ دودھ کے فارمز بنائے‘ دودھ کا برینڈ لانچ کرے اور سپلائی شروع کردے‘پولیس حکومت کی امداد سے آزاد ہو جائے گی اور ملک کے ہر شہر میں بسوں اور ویگنوں کے اڈے ہیں‘ پولیس سارا دن وہاں سے ٹریفک ہٹاتی رہتی ہے لیکن اس کے باوجود گاڑیاں پھنسی رہتی ہیں‘ پولیس کمپنیاں بنا کر یہ اڈے کیوں نہیں لے لیتی؟

اس سے ٹریفک کا مسئلہ بھی حل ہو جائے گا اور مسافروں کو بھی سہولت ہو گی‘ مجھے یقین ہے پولیس کی قیادت اب یہ سوال کرے گی ہم اس کے لیے ملازم کہاں سے لائیں گے؟ جناب آپ اپنے زخمی اور ریٹائرڈ ملازمین کو ان اداروں میں کھپائیں‘ آپ ملازمین کے بچوں کو ان کمپنیوں میں بھرتی کریں اور آپ عوام سے براہ راست بھرتیاں کر یں‘ انہیں اے ایس آئی‘ انسپکٹر‘ اے ایس پی اور ایس پی کے

رینکس دیں‘ ملک کے تمام ماہر اور پڑھے لکھے لوگ پولیس کے دفتروں میں ہوں گے‘ اس سے ملک میں ملازمتوں کے نئے ذرائع بھی پیدا ہوں گے‘ پولیس کا ریونیو بھی بڑھے گا اورپولیس کا امیج بھی اچھا ہو جائے گا لیکن یہ بہرحال کرنے کی باتیں ہیں اور آپ اگر ہاتھ پر ہاتھ رکھ کر بیٹھے رہیں گے تو پھر آپ کے ملازمین اسی طرح امداد بھری نظروں سے دوسروں کی طرف دیکھتے رہیں گے‘

پولیس اہلکاروں کی بیوائیں عرضیاں اٹھا اٹھا کر افسروں کے دفتروں کے سامنے بیٹھی رہیں گی اور افسر شرمندگی سے ان سے آنکھیں نہیں ملا سکیں گے‘پاکستانی پولیس واقعی مظلوم ہے‘ یہ بیک وقت غربت‘ نفرت اور حکومتی عدم توجہ کا شکار ہے لیکن سوال یہ ہے اسے اس گرداب سے کون نکالے گا؟ پولیس کو صرف اور صرف پولیس ہی ٹھیک کر سکتی ہے لہٰذا پولیس قیادت کو سامنے آنا ہوگا‘ یہ وزراء اعلیٰ کو خوش کرنے کی بجائے اپنی فورس پر توجہ دے‘ وزراء اعلیٰ اور پوری قوم خود بخود خوش ہو جائے گی۔

آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں


کالم



کرسمس


رومن دور میں 25 دسمبر کو سورج کے دن (سن ڈے) کے طور…

طفیلی پودے‘ یتیم کیڑے

وہ 965ء میں پیدا ہوا‘ بصرہ علم اور ادب کا گہوارہ…

پاور آف ٹنگ

نیو یارک کی 33 ویں سٹریٹ پر چلتے چلتے مجھے ایک…

فری کوچنگ سنٹر

وہ مجھے باہر تک چھوڑنے آیا اور رخصت کرنے سے پہلے…

ہندوستان کا ایک پھیرا لگوا دیں

شاہ جہاں چوتھا مغل بادشاہ تھا‘ ہندوستان کی تاریخ…

شام میں کیا ہو رہا ہے؟

شام میں بشار الاسد کی حکومت کیوں ختم ہوئی؟ اس…

چھوٹی چھوٹی باتیں

اسلام آباد کے سیکٹر ایف ٹین میں فلیٹس کا ایک ٹاور…

26نومبر کی رات کیا ہوا؟

جنڈولہ ضلع ٹانک کی تحصیل ہے‘ 2007ء میں طالبان نے…

بے چارہ گنڈا پور

علی امین گنڈا پور کے ساتھ وہی سلوک ہو رہا ہے جو…

پیلا رنگ

ہم کمرے میں بیس لوگ تھے اور ہم سب حالات کا رونا…

ایک ہی بار

میں اسلام آباد میں ڈی چوک سے تین کلومیٹر کے فاصلے…