اتوار‬‮ ، 29 دسمبر‬‮ 2024 

ویل ڈن عمران خان

datetime 31  اگست‬‮  2018
ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

حکومت کو آج 13دن ہو چکے ہیں‘ ہم اگر ان 13دنوں کے فیصلوں کو سیاسی اور انتظامی دو حصوں میں تقسیم کریں تو بڑی دلچسپ صورتحال سامنے آتی ہے‘ یوں محسوس ہوتا ہے شاہ محمود قریشی‘ اسد عمر اور غلام سرور خان کے علاوہ عمران خان کے تمام سیاسی فیصلے اور سیاسی تعیناتیاں غلط ثابت ہو رہی ہیں‘ آپ دیکھ لیجئے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار ہوں‘ وزیراعلیٰ کے پی کے محمود خان ہوں‘ وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان ہوں‘

وزیر ریلوے شیخ رشید ہوں‘ گورنر سندھ عمران اسماعیل ہوں یا پھر فواد چودھری کے گوگل خیالات ہوں پاکستان تحریک انصاف کو ہر جگہ ہزیمت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے‘ یہ اللہ کا خصوصی کرم ہے وفاقی اور صوبائی کابینہ کے باقی ارکان ابھی میڈیا میں نہیں آئے‘ یہ تاحال سکتے کے عالم میں اپنے گھروں اور دفتروں میں دبک کر بیٹھے ہیں‘ یہ لوگ بھی جس دن باہر آ گئے یا یہ میڈیا میں تشریف لانا شروع ہو گئے تو آپ اس دن شیخ رشید‘ عثمان بزدار اور فیاض الحسن چوہان کی عزت کرنے پر مجبور ہو جائیں گے‘ آپ کے دل سے ان کےلئے تعریف نکلے گی‘ اصل شاہکار ابھی اندر بیٹھے ہیں‘ ابھی تو میرے دوست شاہ فرمان اور محمود خان کی باری نہیں آئی‘ یہ جس دن باہر آئیں گے قوم کو لگ پتہ جائے گا‘ پاکستان تحریک انصاف کے چند وفادار عمران خان کو قائداعظم کا اصل وارث اور ثانی قرار دے رہے ہیں‘ سوشل میڈیا پر ایسی تصاویر بھی چل رہی ہیں جن میں قائداعظم عمران خان کے کندھے پر ہاتھ رکھ کر کھڑے ہیں اور قائداعظم ثانی ٹانگ پر ٹانگ چڑھا کر صوفے پر بیٹھے ہیں‘ میں ان لوگوں سے تھوڑا سا اتفاق کرتا ہوں‘ قائداعظم کی زندگی کا سب سے بڑا چیلنج ان کی پارٹی اور ان کے لوگ تھے اور قائداعظم ثانی بھی آج اسی چیلنج سے گزر رہے ہیں‘ پاکستان اگر صرف قائداعظم اور ان کے ٹائپ رائیٹر نے بنایا تھا تو آج نئے پاکستان کی تمام تر ذمہ داری عمران خان اور ان کے موبائل فون پر آپڑی ہے اور اگر

قائداعظم کی جیب میں چند کھوٹے سکے تھے تو آج قائداعظم ثانی کی جیب بھی کھوٹے سکوں سے بھری ہوئی ہے اور ہر سکے پر عامر لیاقت حسین جیسے لوگوں کی تصویر چھپی ہے لہٰذا مجھے محسوس ہوتا ہے جس طرح قائداعظم کے ساتھیوں نے وزارتوں اور عہدوں کےلئے قائداعظم اور قائداعظم کے پاکستان کو نہیں چلنے دیا تھا بالکل اسی طرح قائداعظم ثانی کے ساتھی بھی انہیں اور ان کے نئے پاکستان کو لے کر بیٹھ جائیں گے‘ یہ لوگ بھی عمران خان کو چلنے نہیں دیں گے‘

عمران خان اگر انہیں وزارتیں نہیں دیتے تو یہ عامر لیاقت حسین اور آفتاب جہانگیر کی طرح صدارتی انتخاب اور اہم بلوں پر ووٹنگ کے دوران حکومت کو بلیک میل کریں گے اور اگر عمران خان نے دباﺅ میں آ کر انہیں وزارتیں دے دیں تو یہ اختیارات مانگیں گے اور اگر اختیارات مل گئے تو یہ اپنی مرضی کے سیکرٹری‘ چیئرمین اور ڈی جی تعینات کرائیں گے‘ وزیراعظم نے اگر یہ مطالبے نہ مانے تو یہ وزارتوں سے استعفے دے دیں گے اور اگر وزیراعظم نے مجبور ہو کر ان کی ڈیمانڈز مان لیں تو یہ اپنی وزارتوں میں ایسے ایسے گل کھلائیں گے کہ قوم کو آصف علی زرداری اور میاں نواز شریف فرشتے دکھائی دینے لگیں گے

چنانچہ مجھے آج پہلی بار عمران خان پر ترس بھی آ رہا ہے اور میں ان کےلئے دعا بھی کر رہا ہوں‘ یہ ملک کی آخری امید ہیں‘ ان کا کامیاب ہونا ہمارے لئے ناگزیر ہے‘ عمران خان کا ماضی ایک طرف لیکن یہ اب ملک کےلئے واقعی کچھ کرنا چاہتے ہیں لیکن یہ اس وقت ممکن ہو سکے گاجب ان کی حکومت کھوٹے سکوں کے بوجھ سے بچ جائے گی۔ہم اگر اپنے ملک سے محبت کرتے ہیں اور ہمیں اگر اپنے بچوں کا مستقبل عزیز ہے تو پھر ہمیں تنقید برائے تنقید سے اوپر اٹھ کر حکومت کے اچھے فیصلوں کو تسلیم بھی کرنا ہوگا اور ان کی تعریف بھی کرنا ہوگی‘

ہم جس طرح عمران خان کے زیادہ تر سیاسی فیصلوں کو غلط قرار دے رہے ہیں بالکل ہمیں اسی سپرٹ کے ساتھ ان کے اچھے انتظامی فیصلوں کی تعریف کرنا ہوگی‘ مجھے عمران خان کے 90 فیصد انتظامی فیصلے درست محسوس ہوتے ہیں‘ وزیراعظم نے سب سے پہلے محمد شہزاد ارباب کو اپنامشیربرائے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن بنایا‘ یہ فیصلہ بہت اچھا تھا‘ شہزاد ارباب پشاور کی ارباب فیملی سے تعلق رکھتے ہیں‘ ان کے والد ارباب نیاز فوج میں کرنل تھے اور وہ جنرل ضیاءالحق کے دور میں کے پی کے میں سپورٹس کے وزیر رہے

جبکہ چچا ارباب جہانگیر وزیراعلیٰ تھے‘ یہ ڈی ایم جی افسر ہیں‘ سیکرٹری کی حیثیت سے ریٹائر ہوئے ہیں‘ ایماندار‘ ان تھک اور ذہین ہیں‘ یہ 2014ءمیں کے پی کے میں چیف سیکرٹری تھے‘ یہ پرویزخٹک کے غیر قانونی کاموں پر بطور احتجاج اپنے عہدے سے سبک دوش ہو گئے تھے‘ شہزاد ارباب نے 11 اپریل 2014ءکو پرویز خٹک کی ”بیڈ گورننس“ پر ایک اوپن خط لکھا تھا‘ یہ خط آج بھی انٹرنیٹ پر موجود ہے اور یہ ان کی ایمانداری اور بے خوفی کا ثبوت ہے‘

یہ آصف علی زرداری کے ایڈیشنل سیکرٹری اور نواز شریف کے سیکرٹری کامرس رہے ہیں‘ یہ فاٹا ریفارمز کمیٹی کے سیکرٹری بھی تھے اور انہوں نے سرتاج عزیز کے ساتھ مل کر فاٹا کے انضمام کا بندوبست کیا تھا‘ یہ 2017ءمیں ریٹائرمنٹ کے بعد پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہوئے اور ابتدائی سو دن کا ایجنڈا بنایا‘ یہ عمران خان کی بہت اچھی چوائس ہیں‘ یہ اب اہم عہدوں پر اہم بیورو کریٹس تعینات کر رہے ہیں‘ شہزاد ارباب نے میاں اسد حیاءالدین کو ایڈیشنل سیکرٹری انچارج پٹرولیم بنایا‘ یہ 15 کامن کے ٹاپر ہیں‘

یہ فلیچر سکول بوسٹن سے پی ایچ ڈی ہیں اور یہ بھی ایماندار اور ماہر افسر ہیں‘ یہ نواز شریف کے دور میں سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ تھے‘ ڈاکٹر اعجاز منیر کو سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ بنایا گیا‘ یہ 16 کامن کے ٹاپر ہیں‘ یہ نواز شریف کے ایڈیشنل سیکرٹری اور شہباز شریف کے دور میں پنجاب میں سیکرٹری ہیلتھ‘ سیکرٹری ہائر ایجوکیشن اور سیکرٹری سروسز رہے‘ محمد سلیمان خان کو آئی بی کا ڈی جی بنایا گیا‘ یہ15 کامن کے پولیس افسر ہیں‘ بنوں کے رہنے والے ہیں‘ سابق ڈی جی آفتاب سلطان کی ٹیم میں شامل تھے‘

یہ نواز شریف کے دور میں کے پی کے میں آئی بی کے سربراہ رہے‘ انہوں نے اس دور میں دہشت گردی کے بے شمار نیٹ ورک توڑے‘ شاہد خاقان عباسی نے انہیں 7مئی کو آئی بی کا ڈی جی لگایا تھا لیکن انہیں نگران وزیراعظم نے پاکستان تحریک انصاف کے مطالبے پرعہدے سے ہٹا دیا تھا‘ عمران خان نے انہیں اب دوبارہ ڈی جی بنا دیا‘ یہ فیصلہ بھی میرٹ پر ہوا اور اچھا ہوا اور چوتھی اور اہم تعیناتی ڈاکٹر جہانزیب خان کو ایف بی آر کا چیئرمین بنانا ہے‘ یہ کمال انسان ہیں‘

یہ انتہائی ایماندار‘ مہذب‘ پڑھے لکھے اور تجربہ کار ہیں‘ یہ بزنس فرینڈلی بھی ہیں‘ یہ پیرس میں پانچ سال کمرشل قونصلر رہے‘ پاکستان کی تاریخ میں آج تک پیرس میں ان سے اچھا کمرشل قونصلر نہیں گزرا‘ یہ چار فرنچ کمپنیوں کو سرمایہ کاری کےلئے پاکستان لائے تھے‘ یہ صدر سرکوزی اور ان کے خاندان کا حصہ بن گئے تھے‘ صدر سرکوزی نے مئی 2009ءمیں صدر آصف علی زرداری کو مشورہ دیا تھا آپ ڈاکٹر جہانزیب کو فرانس میں سفیر بنا دیں‘

صدر زرداری نے آرڈر جاری کر دیئے لیکن یہ فارن آفس کی مخالفت کی وجہ سے سفیر نہ بن سکے‘ یہ دس سال پنجاب میں شہباز شریف کی ٹیم کاحصہ رہے‘ یہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کے چیئرمین بھی تھے‘ یہ توانائی کے منصوبوں کےلئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری بھی تھے اور یہ سیکرٹری لائیوسٹاک بھی رہے‘ یہ سی پیک کے توانائی کے تمام منصوبوں کے آرکی ٹیکٹ ہیں‘ ڈاکٹر جہانزیب نے پنجاب میں ٹیکس کولیکشن میں تین گنا اضافہ کیا تھا چنانچہ یہ ہر لحاظ سے ایف بی آر کے چیئرمین بننے کے اہل ہیں‘

آپ انہیں ایک سال دے دیں مجھے یقین ہے یہ ٹیکس ڈیپارٹمنٹ کےلئے دوسرے عبداللہ یوسف ثابت ہوں گے‘ کیوں؟ کیونکہ یہ آدھی دنیا دیکھ چکے ہیں‘ یہ کاروبار‘ سرمایہ کاری اور صنعت کاری کو سمجھتے ہیں‘ یہ پنجاب میں دس سال کام کر چکے ہیں‘ یہ مثبت ذہنیت کے مالک ہیں ‘ یہ دوسروں کی بات تحمل اور بردباری سے سن لیتے ہیں اور یہ جائز اور ناجائز کی تفریق بھی سمجھتے ہیں چنانچہ یہ واقعی ٹیکس سسٹم میں تبدیلی لے آئیں گے اور آخری تعیناتی پرنسپل سیکرٹری اعظم خان ہیں‘

یہ بھی انتہائی ایماندار‘ پڑھے لکھے‘ محنتی اور ماہر ہیں تاہم یہ گرم مزاج ہیں لیکن آپ ان کی گردن پر بندوق رکھ کر بھی غلط کام نہیں کرا سکتے‘ یہ ہاں یا ناں کا فیصلہ بھی فوری کرتے ہیں‘ یہ فائل میز پر رکھ کر ”کل آ جائیے“ نہیں کہتے اور یہ آج کے دور میں چھوٹی خوبی نہیں۔عمران خان کی اس انتظامی ٹیم پر دو اعتراض کئے جا رہے ہیں‘ پہلا اعتراض یہ لوگ پشتون ہیں‘ عمران خان نے سیاسی عہدے پنجابیوں اور انتظامی پوزیشنیں پشتونوں میں تقسیم کر دی ہیں‘ وغیرہ وغیرہ‘

یہ اعتراض غلط ہے‘ ہمیں اب ذہنی اور اخلاقی لحاظ سے میچور ہو جانا چاہیے‘ ہمیں اب پنجابی‘ سندھی‘ پٹھان‘ بلوچی اور کشمیری کی تقسیم سے بھی باہر آ جانا چاہیے‘ ہمیں لوگوں کو صرف اور صرف میرٹ پر دیکھنا چاہیے اور یہ تمام لوگ میرٹ پر ہیں‘ یہ اعلیٰ تعلیم یافتہ بھی ہیں‘ ایماندار بھی‘ محنتی بھی اور پرفارمر بھی چنانچہ یہ جہاں سے بھی ہوں ہمیں اعتراض نہیں کرنا چاہیے اور دوسرا اعتراض یہ لوگ شہباز شریف کی ٹیم تھے‘ مجھے اس اعتراض پر بھی اعتراض ہے‘ یہ شہباز شریف نہیں پاکستان کی ٹیم تھے‘ یہ آج بھی پاکستان کی ٹیم ہیں‘ یہ سپیریئر سول سروس کا حصہ ہیں اور یہ سروس کسی کی ذاتی جاگیر نہیں‘

شہباز شریف نے پورے ملک سے چن چن کر افسر اپنی ٹیم میں شامل کئے تھے‘ یہ لوگ دس سال پرفارم کر کے ٹرینڈ ہو چکے ہیں‘ عمران خان اگر آج انہیں شہباز شریف کی وجہ سے مسترد کر دیتے ہیں تو یہ بہت بڑی غلطی ہو گی‘ میں سمجھتا ہوں عمران خان نے ان لوگوں کا انتخاب کر کے عقل مندی اور وسیع القلبی کاثبوت دیا چنانچہ میں ان کے انتظامی فیصلوں پر ویل ڈن کہنے پر مجبور ہو رہا ہوں‘ ویل ڈن عمران خان‘آپ اگرباقی سرکاری محکموں میں بھی ان لوگوں جیسے لوگ لے آئے تو آپ واقعی کامیاب ہو جائیں گے‘آپ واقعی نیا پاکستان بنا لیں گے ۔

موضوعات:



کالم



صدقہ


وہ 75 سال کے ’’ بابے ‘‘ تھے‘ ان کے 80 فیصد دانت…

کرسمس

رومن دور میں 25 دسمبر کو سورج کے دن (سن ڈے) کے طور…

طفیلی پودے‘ یتیم کیڑے

وہ 965ء میں پیدا ہوا‘ بصرہ علم اور ادب کا گہوارہ…

پاور آف ٹنگ

نیو یارک کی 33 ویں سٹریٹ پر چلتے چلتے مجھے ایک…

فری کوچنگ سنٹر

وہ مجھے باہر تک چھوڑنے آیا اور رخصت کرنے سے پہلے…

ہندوستان کا ایک پھیرا لگوا دیں

شاہ جہاں چوتھا مغل بادشاہ تھا‘ ہندوستان کی تاریخ…

شام میں کیا ہو رہا ہے؟

شام میں بشار الاسد کی حکومت کیوں ختم ہوئی؟ اس…

چھوٹی چھوٹی باتیں

اسلام آباد کے سیکٹر ایف ٹین میں فلیٹس کا ایک ٹاور…

26نومبر کی رات کیا ہوا؟

جنڈولہ ضلع ٹانک کی تحصیل ہے‘ 2007ء میں طالبان نے…

بے چارہ گنڈا پور

علی امین گنڈا پور کے ساتھ وہی سلوک ہو رہا ہے جو…

پیلا رنگ

ہم کمرے میں بیس لوگ تھے اور ہم سب حالات کا رونا…