جمعہ‬‮ ، 15 ‬‮نومبر‬‮ 2024 

نواز شریف ہرگز قدم نہ بڑھانا

datetime 16  اگست‬‮  2018
ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

بات معمولی تھی لیکن معمولی باتیں عقل مندوں کےلئے معمولی نہیں ہوتیں۔لاہور میں میرے ایک جاننے والے ہوا کرتے تھے‘ وہ پلاسٹک کے پرزے بناتے تھے‘ کروڑوں میں کھیلتے تھے‘ اللہ تعالیٰ نے نام‘ رزق اور دین کی نعمت سے نواز رکھا تھا‘ وہ ہزار خوبیوں کے مالک تھے‘ بس ایک خامی تھی‘ وہ اپنی ذاتی اشیاءکسی دوسرے کے ساتھ شیئر نہیں کرتے تھے‘ وہ اپنے تولئے‘ سلیپر‘ کپڑے‘ بستر‘ گاڑی‘ برتن‘ کرسی حتیٰ کہ قلم دوات بھی کسی

کو استعمال نہیں کرنے دیتے تھے‘ پورا خاندان ‘دوست‘ احباب اور ملازمین ان کی اس عادت سے واقف تھے چنانچہ کوئی ان کی کسی چیز کو ہاتھ نہیں لگاتا تھا لیکن پھر ایک دن وہ معمولی سی بات ہو گئی جو عقل مندوں کےلئے معمولی نہیں ہوتی‘ شیخ صاحب چھٹیاں منانے لندن گئے‘ واپسی پر فلائیٹس کا ایشو ہوا اور وہ شیڈول سے دو دن پہلے واپس آ گئے‘ وہ گھر واپس پہنچے تو ان کے پاﺅں کے نیچے سے زمین نکل گئی‘ ان کے بیڈ روم میں ان کا سالا سو رہا تھا‘ بیوی نے ڈرتے ڈرتے بتایا بھائی جان رات اچانک آ گئے تھے‘ گھر میں کوئی اور کمرہ خالی نہیں تھا چنانچہ میں نے مجبوری میں ان کو آپ کے کمرے میں ٹھہرا دیا‘ گیراج میں ان کی گاڑی بھی موجود نہیں تھی‘ پوچھا تو پتہ چلا‘ چھوٹے بیٹے کی گاڑی جی ٹی روڈ پر خراب ہو گئی تھی‘ گاڑی کی ضرورت تھی‘ گھر پر شیخ صاحب کی گاڑی موجود تھی چنانچہ ایمرجنسی میں یہ گاڑی بھجوا دی گئی‘ شیخ صاحب غصے میں دفتر چلے گئے‘ وہاں کے حالات دیکھ کر ان کا سر گھوم گیا‘ دفتر میں ان کی کرسی پر ان کا بڑا بیٹا بیٹھا تھا اور ان کا ذاتی عملہ اس کی خدمت میں جتا ہوا تھا‘ ڈرائیور نے ان کے کپڑے پہن رکھے تھے‘ پوچھا تو پتہ چلا لانڈری سے کپڑے دھل کر آئے تھے‘ گاڑی میں پڑے تھے‘ ڈرائیور نے بڑے بیٹے کو کسی شادی پر لے کر جانا تھا‘ اس کے پاس صاف کپڑے نہیں تھے‘ بڑے بیٹے نے ڈرائیور سے کہا” تم ابو کے کپڑے پہن لو‘ شام کو اتار کر دوبارہ لانڈری

میں دے آنا‘ ابو کے آنے سے پہلے کپڑے واپس آ جائیں گے“ڈرائیور نے کپڑے پہن لئے‘ دفتر کے بارے میں پتہ چلا یہ جب بھی باہر جاتے ہیں بڑا بیٹا ان کا دفتر‘ ان کا عملہ استعمال کرتا رہتا ہے‘ شیخ صاحب کو بہت افسوس ہوا‘ بیگم کے سامنے احتجاج کیا تو وہ ٹھنڈے ٹھار لہجے میں بولی ”تو کیا ہوگیا‘ کون سا آسمان سر پرگر گیا‘ یہ سب انہی کا تو ہے‘ کیا آپ یہ قبر میں لے کر جائیں گے“اور یہ وہ الفاظ تھے جو وہ معمولی سی بات ثابت ہوئے جو عقل مندوں کےلئے معمولی نہیں ہوتی‘

شیخ صاحب کو محسوس ہوا میں ابھی زندہ ہوں‘ میں صرف چند دن کےلئے باہر گیا تھا اور میرے عزیزوں نے میری ہر چیز کو ترکہ سمجھ کر آپس میں بانٹ لیا‘ میں جب اصل میں مر جاﺅں گا تو پھر کیا ہوگا؟“ اور بس معمولی سی بات ہو گئی‘ شیخ صاحب نے اپنی فیکٹری ‘گھر‘ گاڑیاں اور پلاٹس نیلام کر دیئے‘ آدھی رقم اپنے بچوں اور رشتے داروں میں تقسیم کی‘ آدھی رقم سے مسجد تعمیر کی اور باقی زندگی اس مسجد کے چھوٹے سے حجرے میں گزار دی‘ وہ کبھی لوٹ کر پچھلی زندگی میں واپس نہیں گئے۔

یہ واقعہ مجھے سوموار 13 اگست 2018ءکو بار بار یاد آیا‘ 13 اگست کو میاں نواز شریف کو گرفتاری کے بعد پہلی مرتبہ احتساب عدالت میں لایا گیا‘ ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کے سربراہ کو بکتر بند گاڑی میں عدالت پہنچایا گیا‘ یہ جب احتساب عدالت پہنچے تو پرویز رشید‘ سینیٹر سعدیہ عباسی‘ چودھری تنویر اور بیرسٹر ظفراللہ کے علاوہ ن لیگ کا کوئی عہدیدار عدالت کے سامنے موجود نہیں تھا‘ میاں شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے تک اپنے محسن‘ اپنے قائد کی زیارت کےلئے نہیں آئے تھے‘

پاکستان مسلم لیگ ن کے ایم این ایز اور ایم پی ایز اپنے دلوں کے قائد کو حالات کے رحم و کرم پر چھوڑ کر اسمبلیوں میں حلف اٹھا رہے تھے‘ فوٹو سیشن کرا رہے تھے اور عمران خان کے ساتھ ہاتھ ملا رہے تھے اور نواز شریف عدالت میں اکیلا بیٹھا تھا‘ آپ وقت کی بے رحمی ملاحظہ کیجئے ”نواز شریف قدم بڑھاﺅ ہم تمہارے ساتھ ہیں“ کے نعرے لگانے والے تمام سینیٹرز‘ چیئرمین‘ یوسی ممبرز اور میئرز بھی13 اگست کو غائب تھے‘ ہمارے دانشور دوست مشاہد حسین سید اور نوجوان قائدین طلال چودھری‘ دانیال عزیز‘ محسن شاہ نواز رانجھا‘ مریم اورنگ زیب‘طارق فضل چودھری‘ ڈاکٹر مصدق ملک اور مفتاح اسماعیل بھی اس دن اپنے تاحیات قائد کے استقبال کی بجائے جوتے تلاش کرتے رہ گئے تھے

چنانچہ میاں نواز شریف خطرناک ترین مجرموں کی طرح بکتر بند گاڑی میں عدالت لائے گئے اورف اڑھائی گھنٹے عدالت میں بٹھائے گئے‘ پرویز رشید‘ سعدیہ عباسی‘ چودھری تنویر اور بیرسٹر ظفراللہ کو چالیس منٹ کے انتظار اور احتجاج کے بعد بڑی مشکل سے کمرہ عدالت میں جانے کی اجازت ملی‘ پرویز رشید نواز شریف کے ساتھ بیٹھ گئے‘ ان کے پاس کہنے کےلئے کچھ تھا اور نہ ہی میاں نواز شریف کے پاس سنانے کےلئے کچھ چنانچہ دونوں خاموش بیٹھے رہے‘ چودھری تنویر نے پوچھا ”آپ کا وزن بہت کم ہو گیا ہے“ میاں نواز شریف نے جواب دیا ”ہاں 25 پاﺅنڈ وزن کم ہوا ہے لیکن میں ٹھیک ہوں‘

ادویات بھی وقت پر لے رہا ہوں اور کھانا بھی ٹھیک کھا رہا ہوں“ چودھری تنویر بھی خاموش ہو گئے‘ میڈیا میں میاں نواز شریف کو بکتر بند گاڑی میں عدالت لانے اور مسلم لیگیوں کی بے حسی کی خبریں چلیں تو پارٹی کو ذرا ذرا سی شرم آنی شروع ہوئی‘ 13 اگست کی شام طارق فضل چودھری کے فارم ہاﺅس میں ن لیگ کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس تھا‘ ایم این ایز نے میاں شہباز شریف کا گھیراﺅ کر لیا‘ ان کا کہنا تھا ”میاں نواز شریف ہماری پہلی ترجیح ہونی چاہئیں‘آپ انہیں ”اگنور“ کر کے اچھا نہیں کر رہے‘

ہم اگر ان کےلئے کھڑے نہ ہوئے تو ہماری سیاست ختم ہو جائے گی“میاں شہباز شریف نے وضاحت دینے کی کوشش کی لیکن وہ ارکان کو مطمئن نہ کر سکے یہاں تک کہ آخر میں فیصلہ ہوا میاں نواز شریف کو 15 اگست کو دوبارہ عدالت لایا جائے گا اور پارٹی اس دن آج کی غلطی کا تاوان ادا کرے گی۔آپ وقت کی مزید ستم ظریفی ملاحظہ کیجئے میاں نواز شریف کو جیل گئے ابھی ایک مہینہ گزرا ہے اور پارٹی انہیں بھول چکی ہے‘ یہ لوگ13 اگست کو سوٹ پہن کر قومی اسمبلی کے پہلے اجلاس میں شریک ہوئے اور ان لوگوں نے نواز شریف کا نعرہ لگانا تو دور بازوﺅں پر سیاہ پٹیاں تک باندھنا مناسب نہیں سمجھا‘

یہ ہال میں بھی اکٹھے داخل نہیں ہوئے‘ یہ ایک ایک کر کے آئے اور چپ چاپ اپنی نشستوں پر بیٹھ گئے‘ میاں شہباز شریف کی آمد سب سے زیادہ بے اثر اور ناقابل توجہ تھی‘ یہ کسی طور پر اپوزیشن لیڈر محسوس نہیں ہو رہے تھے‘ بلاول بھٹو اور آصف علی زرداری تیسری جماعت ہونے کے باوجود ایوان میں زیادہ پراثر اور جاندار نظر آرہے تھے‘ پارٹی کے لوگ اس دن ایک دوسرے سے پوچھ رہے تھے میاں شہباز شریف لاہور اور لندن میں بیٹھ کر اسلام آباد میں اپوزیشن کیسے چلائیں گے؟

یہ پنجاب اور وفاق میں پارٹی کو کیسے متحد رکھیں گے؟پارٹی کا یہ خدشہ درست ہے‘ چودھری پرویز الٰہی چھ ماہ کا ٹارگٹ لے کر پنجاب اسمبلی کے سپیکر بن رہے ہیں‘ پاکستان مسلم لیگ ن کے 25 ارکان انہیں سپیکر کےلئے ووٹ دیں گے اور یہ سپیکر بننے کے بعد کسی بھی وقت ن لیگ کا فارورڈ بلاک بنا لیں گے اور عمران خان سے وزارت اعلیٰ کا مطالبہ کر دیں گے‘ حمزہ شہباز اس نیک کام میں چودھری پرویز الٰہی کی بھرپور مدد کریں گے‘ ن لیگ کے ایم پی ایز حمزہ شہباز کو پسند نہیں کرتے‘

میاں شہباز شریف انہیں اپوزیشن لیڈر بنا کر غلطی کر رہے ہیں‘ مجھے خود ن لیگ کے ایم پی اےز نے بتایا عمران خان ہماری پارٹی کو خاندانی جاگیر کہتا تھا‘ یہ غلط نہیں کہتا تھا کیونکہ ہماری پارٹی کی قیادت اپوزیشن لیڈر کی کرسی بھی خاندان سے باہر برداشت نہیں کرتی‘ پارٹی کا اصل قائد جیل میں محبوس ہے اور میاں شہباز شریف اس کی بکتر بند گاڑی کے سامنے نعرہ لگانے کےلئے بھی تیار نہیں ہیں‘ والد وفاق میں اپوزیشن لیڈر ہے اور بیٹا پنجاب میں حزب اختلاف کا لیڈر گویا پارٹی میں کوئی دوسرا شخص کسی عہدے کے قابل نہیں‘

مجھے کل ن لیگ کے ایک نوجوان ایم این اے نے کہا نواز شریف ہمارا محسن ہے‘ ہم آج اس کی وجہ سے ایم این اے ہیں‘ یہ اگر 13 جولائی کو پاکستان واپس نہ آتا تو ہم 20 سے زیادہ سیٹیں نہیں لے سکتے تھے‘وہ شہباز شریف کو 13 جولائی اور 13 اگست کی صورتحال کا ذمہ دار سمجھتا تھا‘ اس کا کہنا تھا میاں شہباز شریف اگر 13 جولائی کو لاہور ائیرپورٹ پہنچ جاتے اور یہ اگر 13 اگست کو پہلے اپنے تمام ایم این ایز کے ساتھ احتساب عدالت کے سامنے مظاہرہ کرتے اور پھر قومی اسمبلی جاتے تو ہم آج ملک میں کھسیانے ہو کر نہ پھر رہے ہوتے‘

اس کا کہنا تھا شہباز شریف نے پارٹی کو تابوت میں بند کر دیا ہے بس آخری کیل باقی ہے۔یہ صورتحال میاں نواز شریف کےلئے ”آئی اوپننگ“ ہونی چاہیے‘ میاں نواز شریف کو اڈیالہ جیل میں بیٹھ کر سوچنا چاہیے وہ پنجاب کہاں چلا گیا جس کے بارے میں ان کا خیال تھا یہ ان کا کسی قیمت پر ساتھ نہیں چھوڑے گا‘ وہ جاں نثار بھی کہاں ہیں جو کہتے تھے ”قدم بڑھاﺅ نواز شریف ہم تمہارے ساتھ ہیں“ اور وہ نوجوان قائدین بھی کہاں ہیں جو نواز شریف کو دلوں کا قائد کہتے تھے‘ وہ سارا تام جھام ‘وہ سارے نعرے دھوکہ تھے‘

حقائق تو یہ ہیں نواز شریف کے خاندان اور نواز شریف کی پارٹی نے ان کے جیتے جی ان کا سارا ترکہ آپس میں بانٹ لیا ہے‘ یہ انہیں ایک ماہ میں بھول چکے ہیں چنانچہ میرا نواز شریف کو مشورہ ہے یہ مستقبل میں ہرگزہرگز کوئی قدم نہ بڑھائیں کیونکہ خدشہ ہے یہ غلط قدم بڑھا کر بھٹو بن جائیں گے اوراس بھٹو کا فائدہ کوئی اور اٹھا ئے گا‘ یہ لوگ نواز شریف کی قبر کی مٹی بھی آپس میں بانٹ لیں گے۔



کالم



23 سال


قائداعظم محمد علی جناح 1930ء میں ہندوستانی مسلمانوں…

پاکستان کب ٹھیک ہو گا؟

’’پاکستان کب ٹھیک ہوگا‘‘ اس کے چہرے پر تشویش…

ٹھیک ہو جائے گا

اسلام آباد کے بلیو ایریا میں درجنوں اونچی عمارتیں…

دوبئی کا دوسرا پیغام

جولائی 2024ء میں بنگلہ دیش میں طالب علموں کی تحریک…

دوبئی کاپاکستان کے نام پیغام

شیخ محمد بن راشد المختوم نے جب دوبئی ڈویلپ کرنا…

آرٹ آف لیونگ

’’ہمارے دادا ہمیں سیب کے باغ میں لے جاتے تھے‘…

عمران خان ہماری جان

’’آپ ہمارے خان کے خلاف کیوں ہیں؟‘‘ وہ مسکرا…

عزت کو ترستا ہوا معاشرہ

اسلام آباد میں کرسٹیز کیفے کے نام سے ڈونٹس شاپ…

کنفیوژن

وراثت میں اسے پانچ لاکھ 18 ہزار چارسو طلائی سکے…

ملک کا واحد سیاست دان

میاں نواز شریف 2018ء کے الیکشن کے بعد خاموش ہو کر…

گیم آف تھرونز

گیم آف تھرونز دنیا میں سب سے زیادہ دیکھی جانے…