آپ ائیر پورٹ نہیں پہنچ سکیں گے

17  جولائی  2018

”ہم میاں نواز شریف کے استقبال کےلئے ائیرپورٹ جانا چاہتے ہیں لیکن آپ دیکھئے پولیس ہمارے ساتھ کیا سلوک کر رہی ہے“ نوجوان نے رخ موڑا ”میاں دے نعرے وجن گے“ کا نعرہ لگایا اور پتھر پولیس کی طرف اچھال دیا‘ پولیس کی طرف سے بھی جوابی پتھر آنا شروع ہو گئے‘ میں نے گاڑی کے پیچھے پناہ لے لی‘ یہ 13 جولائی 2018ءکی رات تھی‘ دس بج چکے تھے‘ میاں نواز شریف کو لاہور ائیرپورٹ سے اسلام آباد منتقل کیا جا رہا تھا‘

میں سٹوڈیو سے اٹھ کر ہجوم میں آ گیا‘ لاہور چیئرنگ کراس پر لوگ جمع تھے‘ پولیس کے دستے ہاتھوں میں ڈنڈے اور لوہے کے حفاظتی تختے اٹھا کر سامنے کھڑے تھے‘ ان کے پیچھے آنسو گیس کا سکواڈ تھا اور اس کے پیچھے مسلح پولیس‘ میاں شہباز شریف کا کاروان ابھی پیچھے تھا‘ چیئرنگ کراس سے نہر کے پل تک نوجوانوں کی چھوٹی چھوٹی ٹولیاں جمع تھیں‘ یہ بھی پولیس کے ساتھ آنکھ مچولی کھیل رہی تھیں ”کیا لاہور میاں نواز شریف کے استقبال کےلئے نہیں نکلا“ میں یہ سوال بار بار اپنے آپ سے پوچھ رہا تھا لیکن مجھے کوئی تسلی بخش جواب نہیں مل رہا تھا‘ لاہور کی کل آبادی ایک کروڑ11 لاکھ ہے‘ یہاں قومی اسمبلی کے 14 اور صوبائی اسمبلی کے 30 حلقے ہیں‘ لاہور میاں نواز شریف کا بیس تھااور یہ آج بھی ہے‘ یہ 44 امیدوار اگر پانچ پانچ ہزار لوگ بھی باہر لے آتے تو دو لاکھ بیس ہزار لوگ سڑکوں پر ہوتے لیکن اتنے لوگ نہیں تھے تاہم ملتان‘ سیالکوٹ‘ نارووال‘شیخوپورہ‘ گوجرانوالہ‘ فیصل آباد‘ راولپنڈی‘ جہلم اور گجرات سے قافلے نکلے تھے مگر یہ راستے میں روک لئے گئے‘ پولیس اگر ان تمام لوگوں کو آنے کی اجازت دے دیتی تو پنجاب کی نگران حکومت کا خیال درست ثابت ہو جاتا‘ ائیرپورٹ پر واقعی بارہ لاکھ لوگ جمع ہوجاتے لیکن ایسا نہ ہو سکا‘ نواز شریف کا طیارہ تین گھنٹے کی تاخیر سے لاہور پہنچا مگر ”قدم بڑھاﺅ نواز شریف ہم تمہارے ساتھ ہیں“ کے نعرے لگانے والے مال روڈ کراس نہ کر سکے‘

میں نے 18مئی 2018ءکو اپنے کالم”سچا ہونا کافی نہیںہوتا“ میں عرض کیا تھا پنجاب کمزور کے ساتھ کھڑا نہیں ہوتا‘ ہم پنجابی اپنی ذات میں کوفی ہیں‘ میرے احباب نے اس وقت میری آبزرویشن پر بہت احتجاج کیا تھا لیکن 13 جولائی نے ثابت کر دیا اگر اس دن لاہور ہی میاں نواز شریف کے ساتھ کھڑا ہو جاتا تو آج صورت حال مختلف ہوتی‘ میاں نواز شریف 13 جولائی کو عوامی مقدمہ ہار گئے لیکن ہمیں یہ بھی ماننا ہوگا میاں نواز شریف کی واپسی‘ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی وزیراعظم کا بیٹی اور داماد کے ساتھ جیل جانا اور پاکستان مسلم لیگ ن کی سوشل میڈیا اور الیکٹرانک میڈیا کمپیئن سے ن لیگ کے ہمدردی کے ووٹ میں اضافہ ہوا‘

لوگ اب محسوس کر رہے ہیں میاںنواز شریف کے ساتھ زیادتی ہو رہی ہے چنانچہ 13 جولائی نے نواز شریف کے ووٹ بینک میں بھی اضافہ کیااور میاں صاحبان کے گرتے ہوئے گراف کوبھی سنبھالا دیا تاہم یہ حقیقت بھی ماننا ہوگی الیکشن میں ووٹ ڈالنے والے اتنے اہم نہیں ہوتے جتنے گننے والے ہوتے ہیں اور ووٹ گننے والے میاں نواز شریف کو پسند نہیں کرتے لہٰذا ہمدردی کے یہ ووٹ بھی میاں برادران کو اقتدار میں واپس نہیں لا سکیں گے‘ یہ پنجاب میں بھی حکومت نہیں بنا سکیں گے۔

ہم اب پنجاب پولیس کے رویئے کی طرف آتے ہیں‘ آپ کو یاد ہو گا ہماری تاریخ میں 17 جون کا ایک سیاہ دن بھی آیا تھا‘ پنجاب پولیس نے 17 جون 2014ءکو ادارہ منہاج القرآن کے سامنے سے ناجائز تجاوزات اٹھانے کےلئے دھاوا بول دیا تھا‘ پولیس نے مظاہرین پر اندھا دھند فائرنگ کی جس میں 14لوگ شہید اور 100زخمی ہو گئے‘ پنجاب پولیس کی نظر میں اس وقت میاں برادران محب وطن اور علامہ طاہرالقادری دہشت گرد تھے‘ عمران خان اور علامہ طاہر القادری 14اگست 2014ءکو جب دھرنے کےلئے لاہور سے نکلے تھے تو پولیس نے اس وقت بھی ان کے ساتھ وہی سلوک کیا جو ریاست دہشت گردوں کے ساتھ کرتی ہے‘

قافلے بھی روکے گئے‘ لوگوں کو 16 ایم پی او کے تحت گھروں سے بھی اٹھایا گیا‘ اندھا دھند گرفتاریاں بھی ہوئیں اور گاڑیاں اور ٹرک بھی ضبط کئے گئے‘ دھرنے کے 126 دنوں میں بھی پنجاب پولیس اسلام آباد پولیس کی مدد کرتی رہی‘ پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان عوامی تحریک کے ”دہشت گردوں“ کے خلاف اس دوران دہشت گردی کے پرچے بھی درج ہوئے‘آپ وقت کا جبر ملاحظہ کیجئے‘ 13 جولائی کو تاریخ کا پہیہ بدل گیا‘ اس دن پاکستان مسلم لیگ ن کے قائدین عمران خان اور طاہر القادری کی جگہ کھڑے ہو گئے اور ان کے کارکنان پی ٹی آئی اور پی اے ٹی کے مقام پر آ گئے

اور وہ پولیس جس نے 17 جون 2014ءکو ماڈل ٹاﺅن میں 14 لوگوں کو گولیوں سے بھون دیا تھا اور جو 30اگست 2014ءکو پی ٹی آئی اور پی اے ٹی کے سامنے کھڑی ہو گئی تھی وہ کیل کانٹے سے لیس ہو کر پاکستان مسلم لیگ ن کے سامنے صف آراءہو گئی‘ وہ پولیس اہلکار جنہوں نے 2014ءمیں ن لیگ کے سیاسی مخالفوں پر ڈنڈے برسائے تھے وہ اب اسی طاقت کے ساتھ ن لیگ کے حامیوں پر پتھر‘ ڈنڈے اور لاٹھیاں توڑنے لگے‘ وہ پنجاب پولیس جس نے 2014ءکے جون‘ جولائی اور اگست میں پی ٹی آئی اور پی اے ٹی کے لیڈروں اور کارکنوں کے خلاف دہشت گردی کے مقدمے درج کئے تھے

اسی پولیس نے 13جولائی 2018ءکی رات میاں شہباز شریف ‘ حمزہ شہباز‘ خواجہ حسان‘ خواجہ سعد رفیق‘ مریم اورنگزیب‘ شاہد خاقان عباسی‘ عظمیٰ بخاری‘ خواجہ سلمان‘ سائرہ افضل تارڑ‘ راجہ ظفر الحق‘مشاہد حسین سید‘ جاوید ہاشمی اور کامران مائیکل کے خلاف دہشت گردی ‘کارسرکار میں مداخلت‘توڑپھوڑ ‘ سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے ‘ پولیس اہلکاروں پر تشدد اور دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر ایف آئی آر درج کر دیں اور یوں اب میاں برادران بھی علامہ طاہر القادری اور عمران خان کی طرح ”دہشت گرد“ اور ریاست اور قانون کے مجرم ہیں‘

آپ ملاحظہ کیجئے وقت کس تیزی سے تبدیل ہوتا ہے‘ عمران خان اور علامہ صاحب 2014ءمیں پولیس کو دھمکیاں دے رہے تھے” ہمارا وقت آیا تو ہم تمہیں نہیں چھوڑیں گے‘ ہم تم سے ایک ایک ڈنڈے‘ ایک ایک تھپڑ اور آنسو گیس کے ایک ایک شیل کا بدلہ لیں گے“ اور 12 جولائی کو میاں شہباز شریف بھی بھری پریس کانفرنس میں فرما رہے تھے ” وقت کبھی ایک جیسا نہیں رہتا‘ جن تھانوں میں آج آپ معصوم لوگوں کوبند کر رہے ہیں ان تھانوں میں کل آپ ہوں گے“ عمران خان 2014ءمیں وزیرقانون رانا ثناءاللہ کو دھمکیاں دے رہے تھے اور 2018ءمیں میاں شہباز شریف نگران وزیرداخلہ شوکت جاوید کو انجام سے ڈرا رہے تھے‘

آپ ایک اور منظر بھی ملاحظہ کیجئے میاں نواز شریف وزیراعظم تھے تو یہ خصوصی طیارے میں سفر کرتے تھے‘ فوج‘ رینجرز اور پولیس انہیں پروٹوکول اور سیکورٹی دیتی تھی‘ یہ 13 جولائی کو لاہور ائیرپورٹ پر اترے تو وہی پولیس‘ وہی رینجرز اور وہی فوج ان کی گرفتاری کےلئے کھڑی تھی اور یہ اسی خصوصی طیارے پر مجرم کی حیثیت سے اسلام آباد لائے گئے‘ یہ کیا ہے؟ یہ کیادو خوفناک حقیقتیں ہیں۔ہم پہلی حقیقت کو مکافات عمل کہتے ہیں‘ وقت کسی کا غلام نہیں ہوتا‘

وقت کا دوسرا نام گردش ہوتا ہے‘ یہ ایک سے دوسرے ہاتھ میں منتقل ہوتا رہتا ہے‘ آپ اگر آج تخت پر بیٹھے ہیں تو آپ پلے باندھ لیں آپ کبھی نہ کبھی بطور مجرم اس تخت کے سامنے کھڑے ہوں گے‘ آپ کے ساتھ وہی سلوک ہو گا جو آپ دوسروں کے ساتھ کرتے رہے‘ حضرت سلیمان ؑ کا تخت دنیا کا متبرک اور عظیم ترین تخت تھا‘ وہ تخت بھی ختم ہوگیا‘ حضرت داﺅد ؑ کا تخت اس وقت لندن میں برٹش پارلیمنٹ کے قریب چرچ میں پڑا ہے اور دنیا کا مہنگا ترین تخت طاﺅس تھا‘ نادر شاہ درانی اسے خچر پر لاد کر ایران لے گیا تھا‘

بادشاہت صرف اور صرف اللہ کی ہے‘ خدا لوگوں کو آزمانے کےلئے انہیں چند دنوں کا بادشاہ بناتا ہے اور پھر اپنا تخت واپس لے کر اس پر کسی دوسرے کو بٹھا دیتا ہے‘ میاں نواز شریف آج قیدی کی زندگی گزار رہے ہیں‘ اب عمران خان وزیراعظم بنیں گے لیکن آپ انہیں بھی جلد کھلی آنکھوں سے جیلوں‘ عدالتوں اور سڑکوں پر دھکے کھاتے دیکھیں گے‘ یہ بھی پولیس کے ڈنڈے اور ٹھڈے کھا رہے ہوں گے‘ وقت بہت ظالم ہے‘ اس کے ہاتھوں اگر حضرت داﺅد ؑ اور حضرت سلیمان ؑ جیسے بادشاہوں کے تخت نہیں بچے تو میاں نواز شریف اور عمران خان کیا چیز ہیں؟

دوسری حقیقت پولیس ہے‘ انگریز نے یہ پولیس 1852ءمیں ہندوستان پر اپنا اقتدار برقرار رکھنے کےلئے بنائی تھی‘ یہ پولیس 165 برسوں سے صرف برسراقتدار لوگوں کی پولیس ہے‘ یہ صرف اور صرف حاکموں کا حکم مانتی ہے‘ اس کی نظر میں حاکم بادشاہ اور عوام غلام ہیں‘ یہ آج بھی اس شخص کو سرعام ذلیل کرتی ہے جس کے ٹیکس پر یہ پل رہی ہے اور اس کو سیلوٹ کرتی ہے جس کے ہاتھ میں نگرانی کے نام پر ہی سہی لیکن اقتدارہوتا ہے‘ یہ قانون‘ قاعدے اور انصاف کی پولیس نہیں یہ صرف اور صرف حکم کی پولیس ہے‘

آپ برسر اقتدار ہیں تو یہ آپ کے حکم پر علامہ طاہر القادری کے کارکنوں پر گولی چلا دے گی اور اگر حسن عسکری وزیراعلیٰ ہیں تو یہ ان کے حکم پر آپ پر ڈنڈے اور پتھر برسا دے گی‘ یہ آپ کے خلاف دہشت گردی کی ایف آئی آر کاٹ دے گی چنانچہ آپ اگر چاہتے ہیں آپ جب عام شہری بنیں تو آپ کے ساتھ انصاف ہو‘ کوئی پولیس اہلکار آپ کی طرف ٹیڑھی آنکھ سے نہ دیکھے‘ یہ آپ کی عزت نفس اور آپ کے بنیادی حقوق کا احترام کرے تو پھر آپ کو حاکموں کی پولیس کو غلاموں کی پولیس بنانا ہوگا‘

آپ کو اسے وہی اختیار اور وہی ٹریننگ دینا ہوگی جو لندن میں ایون فیلڈ کے سامنے کھڑے پولیس اہلکاروں کو حاصل ہے‘ برطانیہ کی ملکہ ہو یا وزیراعظم کوئی پولیس کو روک سکتا ہے اور نہ حکم دے سکتا ہے ‘ آپ نے اگر یہ نہ کیا تو آپ کے ساتھ وہی ہوتا رہے گا جو 13 جولائی کو ہوا‘ آپ جب بھی عوام بنیں گے حاکموں کی پولیس آپ کے ساتھ غلاموں جیسا سلوک کرے گی‘ آپ پھر ائیرپورٹ نہیں پہنچ سکیں گے‘ فیصلہ آپ کے ہاتھ میں ہے۔



کالم



سرمایہ منتوں سے نہیں آتا


آج سے دس سال قبل میاں شہباز شریف پنجاب کے وزیراعلیٰ…

اللہ کے حوالے

سبحان کمالیہ کا رہائشی ہے اور یہ اے ایس ایف میں…

موت کی دہلیز پر

باباجی کے پاس ہر سوال کا جواب ہوتا تھا‘ ساہو…

ایران اور ایرانی معاشرہ(آخری حصہ)

ایرانی ٹیکنالوجی میں آگے ہیں‘ انہوں نے 2011ء میں…

ایران اور ایرانی معاشرہ

ایران میں پاکستان کا تاثر اچھا نہیں ‘ ہم اگر…

سعدی کے شیراز میں

حافظ شیرازی اس زمانے کے چاہت فتح علی خان تھے‘…

اصفہان میں ایک دن

اصفہان کاشان سے دو گھنٹے کی ڈرائیور پر واقع ہے‘…

کاشان کے گلابوں میں

کاشان قم سے ڈیڑھ گھنٹے کی ڈرائیو پر ہے‘ یہ سارا…

شاہ ایران کے محلات

ہم نے امام خمینی کے تین مرلے کے گھر کے بعد شاہ…

امام خمینی کے گھر میں

تہران کے مال آف ایران نے مجھے واقعی متاثر کیا…

تہران میں تین دن

تہران مشہد سے 900کلو میٹر کے فاصلے پر ہے لہٰذا…