اتوار‬‮ ، 29 دسمبر‬‮ 2024 

قصہ ختم

datetime 10  مئی‬‮  2018
ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

ویرم نارووال سے آدھ گھنٹے کے فاصلے پر چھوٹا سا پسماندہ گاﺅں ہے‘ گاﺅں میں محمد حسین نام کا ایک غریب کسان رہتا ہے‘ محمد حسین کے تین بیٹے اور ایک بیٹی ہے‘ بڑا بیٹا راشد حسین فوج میں لانس نائیک ہے‘ دوسرا بیٹا عابد حسین بے روزگار اور کم پڑھا لکھا ہے‘ یہ گاﺅں میں رہتا اور بھینسوں کا دودھ بیچتا ہے‘ تیسرا بیٹا محمد احمد بھی کھیتی باڑی اور دودھ کا کاروبار کرتا ہے جبکہ بیٹی راشدہ شادی شدہ ہے اور یہ اپنے گھر میں آباد ہے‘

محمد حسین کے تین بچے شادی شدہ ہیں لیکن درمیانے بیٹے عابد حسین نے شادی نہیں کی‘ یہ مذہبی رجحان رکھتا ہے‘ موبائل فون پر مختلف علماءکرام کی تقریریں سنتا رہتا ہے اور یہ اپنی زندگی دین کےلئے وقف کرنا چاہتا ہے چنانچہ اس نے شادی نہیں کی‘ اس کا کل اثاثہ دو بھینسیں ہیں‘ یہ دودھ بیچ کر اپنے اخراجات پورے کرتا ہے‘ یہ ایک مذہبی تنظیم کی لوکل یوتھ ونگ کا صدر (کمانڈر) بھی ہے‘ نومبر 2017ءکے فیض آباد دھرنے نے عابد حسین کے دماغ پر اثرکیا‘ یہ سمجھتا ہے پارلیمنٹ بالخصوص حکومت نے جان بوجھ کر ختم نبوت کے حلف نامے سے قادیانیوں کا ذکر گول کیا اور یہ لوگ توہین رسالت کے مرتکب ہیں‘ یہ دھرنے اور دھرنے کے دوران تقریروں کوبھی غور سے سنتا رہا‘ اس نے دھرنے کے آخر میں ذمہ داروں سے انتقام لینے کی ٹھان لی‘ یہ کیونکہ چھوٹے علاقے کا رہنے والا تھا‘یہ لاہور اور اسلام آباد نہیں جا سکتا تھا چنانچہ اس نے اپنے انتقام کو سیالکوٹ کے اردگرد رکھنے کا فیصلہ کیا‘ سیالکوٹ میں چار لوگ اس کا ٹارگٹ ہو سکتے تھے‘ وزیر قانون زاہد حامد‘ وزیرخارجہ خواجہ محمد آصف‘ وزیر داخلہ احسن اقبال اور پرائیویٹائزیشن کے وفاقی وزیر دانیال عزیز‘ عابد حسین نے ریکی شروع کی‘ پتہ چلا زاہد حامد لاہور رہتے ہیں‘ یہ سیالکوٹ نہیں آتے‘ خواجہ آصف اور دانیال عزیز اسے دور پڑتے تھے‘ان تک پہنچنا مشکل تھا‘ 10 مارچ 2018ءکو سیاہی پھینکنے کے واقعے کے بعد خواجہ آصف کی سیکورٹی

بھی مزید ٹائیٹ ہو گئی تھی‘ دانیال عزیز کے آنے جانے کا پروگرام حتمی نہیں ہوتا تھا اور پیچھے رہ گئے احسن اقبال‘ یہ عابد حسین کےلئے سوٹ ایبل ٹارگٹ تھے‘ کیوں؟ دو وجوہات تھیں‘ یہ احسن اقبال کے حلقے میں رہتا تھا چنانچہ یہ آسانی سے ان تک پہنچ سکتا تھا اور دو‘ احسن اقبال بڑی باقاعدگی سے اپنے حلقے کا دورہ کرتے رہتے تھے‘ ان کی آمدورفت کا شیڈول پورے علاقے کو معلوم ہوتا تھا‘ عابد حسین نے احسن اقبال کے آنے‘ جانے اور دوروں کے شیڈول کا مطالعہ کیا

اور وزیرداخلہ کو سلمان تاثیر کی طرح لوگوں کے درمیان قتل کر نے کا فیصلہ کر لیا‘ یہ فیصلہ کرنے کے بعد عابد حسین کو دو اشیاءدرکار تھیں‘ پستول اور واردات کی تاریخ کا تعین‘ عابد حسین کو پستول کاشف سے مل گیا‘ کاشف عمارتی سامان کا کاروبار کرتا ہے‘ اس کے پاس 30 بور کا ایک دیسی پستول موجود تھا‘ عابد حسین نے اس سے یہ پستول 15 ہزار روپے میں خرید لیا‘ یہ رقم اس نے دودھ بیچ کر اکٹھی کی تھی‘ کاشف نے اسے 9 گولیاں بھی دے دیں اور پستول چلانے کا طریقہ بھی سکھا دیا‘

اگلا مرحلہ احسن اقبال کو تلاش کرنا تھا‘ عابد حسین اس کے بعد وزیر داخلہ کو تلاش کرنے لگا‘ کنجروڑ نارووال کا چھوٹا سا قصبہ ہے‘ آبادی تیس چالیس ہزار ہے اور لوگ احسن اقبال کو پسند کرتے ہیں‘ کنجروڑ میں عیسائی کمیونٹی بھی رہتی ہے‘ گل فام اس کرسچین کمیونٹی کا لیڈر ہے‘ عابد حسین گل فام کا جاننے والا تھا‘ گل فام بہت عرصے سے احسن اقبال کو عیسائی ووٹروں سے خطاب کی دعوت دے رہا تھا‘ وہ اس دعوت کا ذکر عابد حسین سے بھی کرتا رہتا تھا‘

عابد حسین نے اسے قائل کر لیا جب بھی احسن اقبال اس کی دعوت قبول کر لیں یہ اسے بھی بلا لے‘ یہ احسن اقبال کے ساتھ تصویر بنانا چاہتا ہے‘ گلفام نے وعدہ کر لیا‘ احسن اقبال کے لوکل آرگنائزر نے 6مئی کو کنجروڑ میں کارنر میٹنگ طے کر دی‘ گلفام نے وعدے کے مطابق عابد حسین کو مطلع کر دیا‘ عابد حسین نے اپنے ایک دوست عظیم کو تیار کیا کہ وہ اسے اپنے موٹر سائیکل پر کنجروڑ لے جائے‘ عظیم منظور پورہ کا رہائشی ہے‘ عظیم اسے اپنے موٹر سائیکل پر کنجروڑ لے گیا‘

کنجروڑ میں احسان کے ڈیرے پر جلسہ تھا‘ عابد حسین جلسے سے اڑھائی گھنٹے پہلے وہاں پہنچا اور گلفام کے ساتھ جلسے کی تیاری کرنے لگا‘ یہ کرسیاں بھی لگاتا رہا‘ دریاں بھی سیدھی کرتا رہا اور ساﺅنڈ سسٹم بھی سیٹ کرتا رہا‘ یہ ان دو اڑھائی گھنٹوں میں گلفام کے ساتھ ساتھ رہا یوں یہ مہمان سے میزبان بن گیا اور لوگ اس سے مشورے کرنے لگے‘ احسن اقبال آئے‘ لوگوں سے ملے‘ تقریر کی اور یہ شام پانچ بج کر 50 منٹ پر اپنی گاڑی کی طرف بڑھے‘ لوگ اکٹھے ہوئے اور حسب دستور وزیرداخلہ کو چٹیں اور درخواستیں پکڑانے لگے‘

عابد حسین ان لوگوں میں شامل ہو کر احسن اقبال کے قریب پہنچ گیا‘ اس نے نیفے میں رکھے ہوئے پستول پر ہاتھ رکھا‘ یہ پستول نکال رہا تھا کہ احسن اقبال کا فون بج گیا‘ احسن اقبال نے فون کان کے ساتھ لگایا‘ عابد حسین نے پستول نکالا اور دو سیکنڈ میں فائر کر دیا‘ گولی احسن اقبال کی کہنی پر لگی‘ وہاں سے مڑی اور پیٹ میں گھس گئی‘ قریب کھڑے ایلیٹ فورس کے جوان حیدر نے عابد حسین کو جھپٹ لیا اور سیکنڈ کے تہائی حصے میں پستول کا میگزین نکال لیاتاہم پستول کے چیمبر میں دوسری گولی چڑھ چکی تھی‘

عابد حسین نے دوسرا فائر کیا لیکن حیدر نے پستول موڑ دیا‘ دوسری گولی ضائع ہو گئی‘اس دوران ایلیٹ فورس کے جوانوں نے ملزم کو گرا لیا‘ احسن اقبال زخمی ہو کر گرگئے۔عابد حسین کو تھانے پہنچایا گیا‘ ابتدائی تحقیقات میں پتہ چلا‘ یہ ٹرینڈ نہیں تھا‘ پستول میں 9 گولیاں تھیں‘ یہ اگر ٹرینڈ ہوتا تو یہ کبھی ایک گولی نہ چلاتا‘ یہ ٹریگر دباتا اور ایلیٹ کے جوان کے جھپٹنے سے پہلے پستول خالی کردیتا‘ دوسرا‘ یہ اکیلا تھا‘اسے سہولت کار کی سہولت حاصل نہیں تھی‘

یہ اگر دو تین لوگ ہوتے تو ایک کے بعد دوسرا سامنے آ جاتا اور دوسرے کے بعد تیسرا حملہ کر دیتا اور یوں زیادہ نقصان ہو جاتا‘تیسرا‘ یہ حملہ پلاننگ کے بغیر کیا گیا تھا کیونکہ اگر اس میں منصوبہ بندی شامل ہوتی تو عابد حسین کو باقاعدہ ٹریننگ دی جاتی اور یہ حملہ 15 ہزار روپے کے دیسی پستول سے نہ کیا جاتا‘ عابد حسین کی جیب میں دستی بم ہوتا یا پھر یہ خودکش جیکٹ پہن کر احسن اقبال کے قریب پہنچ جاتا اور یوں احسن اقبال آج ہم میں موجود نہ ہوتے لیکن عابد حسین کیونکہ ایک ان پڑھ‘ دیہاتی اور کم وسیلا شخص تھا‘

یہ ٹرینڈ بھی نہیںتھا اور اس کے پیچھے کسی تنظیم کا باقاعدہ ہاتھ بھی نہیں تھا چنانچہ احسن اقبال بچ گئے اور یہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے احسن اقبال پر خصوصی کرم تھا‘ اللہ کو ان کی زندگی عزیز تھی ورنہ عابد حسین اپنے مقاصد میں واضح تھا‘ عابد حسین اس واقعے کے بعد مکمل طور پر مطمئن تھا‘ اس نے پولیس کوہر تفصیل بتائی‘ اس نے کسی سوال کا جواب دینے سے انکار نہیں کیا‘ یہ پولیس کو حملے کی وجوہات بھی بتاتا رہاتاہم یہ بار بار اپنا بیان تبدیل کر لیتا تھا‘

یہ شروع میں کہتا رہا مجھے حضرت داتا گنج بخشؒ نے خواب میں آ کر احسن اقبال کو قتل کرنے کا حکم دیا تھا اور یہ اب موبائل فونز کی تقریروں کو اس واردات کا ذمہ دار قرار دے رہا ہے‘ یہ دل سے سمجھتا ہے احسن اقبال کا قتل جائز تھا اور اللہ تعالیٰ کو اس کی قربانی منظور نہیں تھی ورنہ یہ اپنے مقصد میں پوری طرح کامیاب ہو جاتا‘ عابد حسین کو کسی بھی طرح کوئی پچھتاوا نہیں ‘ یہ حملے کو فرض سمجھتا ہے اور حکومت کو توہین رسالت کا مرتکب۔

ہم اگراس واقعے کو کیس سٹڈی بنا کر اس کا تجزیہ کریں تو ہمیں پتہ چلے گا ہمارے ملک میں عابد حسین جیسے لاکھوں لوگوں کی ایک پوری پود پروان چڑھ چکی ہے‘ یہ لوگ دنیاوی علم سے بھی بے بہرہ ہیں اور یہ مذہب کابھی مکمل علم نہیں رکھتے‘ ان کے علم اور تربیت کا واحد ماخذ موبائل فون اور موبائل فونز پر گردش کرنے والے پیغامات ہیں‘ یہ ان پیغامات سے دوسروں کے کفر‘ ایمان اور توہین کا فیصلہ کر لیتے ہیں اور پھر مجرموں کو سزا دینے کےلئے نکل کھڑے ہوتے ہیں‘ یہ لوگ ایک چلتا پھرتا ٹائم بم ہیں‘ یہ کسی بھی وقت اور کہیں بھی پھٹ سکتے ہیں اور کوئی بھی ان کی زد میں آسکتا ہے ‘

دو‘ ملک میں سیکورٹی نام کی کوئی چیز موجود نہیں‘آپ اندازہ کیجئے وزیرداخلہ کا سٹاف تک نہیں جان سکااحسن اقبال کے آگے پیچھے ایک ایسا شخص پھر رہا ہے جس کے نیفے میں پستول ہے اور یہ کسی بھی وقت گولی چلا سکتا ہے اورتین‘ ملک میں اسلحے کی دستیابی کی حالت یہ ہے کہ ایک عام دودھ فروش پندرہ ہزار روپے میں عمارتی سامان بیچنے والے سے 30 بور کا پستول خرید سکتا ہے اور وہ اس پستول سے وزیر داخلہ پر فائر بھی کر سکتا ہے‘ کیا یہ تینوں عناصر ریاست کا فیلیئر نہیں ہیں؟

کیا ہم من حیث القوم اس فیلیئر کے ذمہ دار نہیں ہیں ‘ کیا ریاست عابد حسین جیسے لوگوں‘ سیکورٹی کے اس کمزور سسٹم اور اسلحہ کی اس فراوانی کے ساتھ چل سکے گی اور کیا ایسے حملہ آوروں کی موجودگی میں 2018ءکے الیکشن صاف اور شفاف ہو سکیں گے؟ میں الیکشن کی شفافیت کے بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتا تاہم میںیہ یقین سے کہہ سکتا ہوں پاکستان مسلم لیگ ن کھل کر الیکشن نہیں لڑ سکے گی‘ کیوں؟ کیونکہ قائدین جیل میں ہوں گے‘الیکٹ ایبلزجنوبی پنجاب صوبہ محاذ کی طرح پارٹیاں بدل چکے ہوںگے اور جلسوں میں گولیاں چل رہی ہوںگی چنانچہ قصہ ختم‘ ن لیگ اے این پی بن گئی۔



کالم



صدقہ


وہ 75 سال کے ’’ بابے ‘‘ تھے‘ ان کے 80 فیصد دانت…

کرسمس

رومن دور میں 25 دسمبر کو سورج کے دن (سن ڈے) کے طور…

طفیلی پودے‘ یتیم کیڑے

وہ 965ء میں پیدا ہوا‘ بصرہ علم اور ادب کا گہوارہ…

پاور آف ٹنگ

نیو یارک کی 33 ویں سٹریٹ پر چلتے چلتے مجھے ایک…

فری کوچنگ سنٹر

وہ مجھے باہر تک چھوڑنے آیا اور رخصت کرنے سے پہلے…

ہندوستان کا ایک پھیرا لگوا دیں

شاہ جہاں چوتھا مغل بادشاہ تھا‘ ہندوستان کی تاریخ…

شام میں کیا ہو رہا ہے؟

شام میں بشار الاسد کی حکومت کیوں ختم ہوئی؟ اس…

چھوٹی چھوٹی باتیں

اسلام آباد کے سیکٹر ایف ٹین میں فلیٹس کا ایک ٹاور…

26نومبر کی رات کیا ہوا؟

جنڈولہ ضلع ٹانک کی تحصیل ہے‘ 2007ء میں طالبان نے…

بے چارہ گنڈا پور

علی امین گنڈا پور کے ساتھ وہی سلوک ہو رہا ہے جو…

پیلا رنگ

ہم کمرے میں بیس لوگ تھے اور ہم سب حالات کا رونا…