برسلز (این این آئی)یورپی ہوائی اڈوں کی طرف جانے والے چار سول طیاروں میں بموں کی موجودگی کے انتباہات سامنے آئے
، جس کے بعد سکیورٹی تلاشی سے انکشاف ہوا کہ یہ انتباہات جھوٹے تھے، کیونکہ کسی بھی طیارے سے کوئی بھی دھماکہ خیز مواد نہیںملا۔ احتیاطی تدابیر کے کئی گھنٹوں بعد متعلقہ ہوائی اڈوں پر کام دوبارہ بحال کر دیا گیا۔فرانسیسی ٹی وی کے مطابق متعلقہ ممالک کے حکام کے اعلانات کے تحت انتباہات پولینڈ کے دارالحکومت وارسا جانے والی دو پروازوں میں آئے تھے، جن میں سے ایک کوپن ہیگن اور دوسری لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ سے روانہ ہوئی تھی۔ اس کے علاوہ ایک پرواز مانچسٹر سے سپین کے شہر مورسیا اور دوسری اٹلی کے شہر برگامو سے بلغاریہ کے دارالحکومت صوفیہ جا رہی تھی۔ساس ایئرلائن کی کوپن ہیگن سے وارسا کے شوپن ایئرپورٹ جانے والی ایک پرواز کو بورڈ پر کسی خطرناک شے کی موجودگی کی معلومات موصول ہوئیں۔ حکام نے لینڈنگ کے بعد طیارے کی مکمل تلاشی لی اور چیکنگ کرکے تصدیق کی وہان پر کوئی چیز نہیں تھی۔ایئرپورٹ کے ترجمان پیوٹر روڈزکی نے بتایا کہ ایئرپورٹ کے رن وے میں سے ایک کو بند کر دیا گیا تھا۔
تلاشی کا عمل مقامی وقت کے مطابق دوپہر 12:20 بجے کے قریب ختم ہوا اور ایئرپورٹ نے معمول کے مطابق کام دوبارہ شروع کر دیا۔ ایئرلائن نے اس بات کی تصدیق کی کہ پرواز کو بم کا انتباہ موصول ہوا تھا۔پولش ایئرلائن لوٹ کی ہیتھرو ایئرپورٹ سے شوپن ایئرپورٹ کے لیے چلائی جانے والی پرواز کے بارے میں حکام نے بتایا کہ اسے وارسا-مودلن ایئرپورٹ کی طرف موڑ دیا، جہاں بوئنگ 737 میکس 737 طیارہ خیریت کے ساتھ لینڈ کر گیا۔ اس دوران فضائی آمد و رفت کو عارضی طور پر معطل کر دیا گیا۔مودلن ایئرپورٹ کے ترجمان آدم شابلوفسکی نے بتایا کہ مسافروں کو نکال لیا گیا اور طیارے کی سکیورٹی تلاشی لی گئی جس کے نتیجے میں کچھ بھی نہیں ملا، اس کے بعد ایئرپورٹ پر کام دوبارہ بحال کر دیا گیا۔سپین میں، ہسپانوی ایئرپورٹس کمپنی ‘اینا’ کے مطابق مانچسٹر سے آنے والی اور مورسیا جانے والی ‘رائن ایئر’ کی ایک پرواز کو اسی طرح کے انتباہ کا سامنا کرنا پڑا۔
کمپنی نے وضاحت کی کہ طیارہ مقامی وقت کے مطابق صبح 10:30 بجے کے قریب ملک کے مشرقی شہر کے ایئرپورٹ پر اپنے وقت پر بغیر کسی حادثے کے لینڈ کر گیا ۔ہسپانوی پولیس کی جانب سے کی جانے والی تلاشی مکمل ہونے کے بعد دوپہر 13:00 بجے کے قریب ہنگامی اقدامات ختم کر دیے گئے۔صوفیہ میں، ‘وئز ایئر’ کی برگامو سے آنے والی پرواز کو مقامی وقت کے مطابق صبح 11:10 بجے لینڈنگ کے بعد تلاشی سے گزارا گیا اور بلغاریہ کی وزارتِ داخلہ کے ایک ترجمان نے تصدیق کی کہ کوئی بھی مشکوک چیز نہیں ملی۔ دوسری طرف برطانوی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ان واقعات پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا۔



















































