اسلام آباد(نیوز ڈیسک) سعودی عرب میں سکیورٹی خدشات کے باعث امریکی سفارت خانے نے اپنے غیر ضروری سرکاری عملے اور ان کے اہل خانہ کو ملک سے روانہ ہونے کی ہدایت کردی ہے۔
سفارت خانے کی جانب سے اس حوالے سے ایک مرتبہ پھر سکیورٹی الرٹ جاری کیا گیا ہے۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی سفارت خانے نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں کہا ہے کہ ایران کے حمایت یافتہ حوثیوں کی جانب سے شہری ہوائی اڈوں اور دیگر اہم تنصیبات کو نشانہ بنانے کے واقعات کے بعد خطرات بڑھ گئے ہیں۔بیان میں بتایا گیا کہ ان حملوں کے نتیجے میں شہریوں کی جانیں ضائع ہوئی ہیں جبکہ فضائی اور سفری سرگرمیاں بھی متاثر ہوئی ہیں۔ سفارت خانے نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ موجودہ حالات مزید خراب ہوسکتے ہیں، اس لیے حفاظتی اقدامات پر عمل درآمد ضروری ہے۔
امریکی سفارت خانے نے سعودی عرب میں تعینات اپنے سرکاری اہلکاروں کی نقل و حرکت کے حوالے سے بھی نئی پابندیاں نافذ کردی ہیں۔ ہدایات کے مطابق امریکی سرکاری ملازمین کو مملکت کے کسی بھی ہوائی اڈے سے سفر کرنے یا اسے استعمال کرنے سے قبل امریکی چیف آف مشن سے خصوصی منظوری حاصل کرنا ہوگی۔اس کے علاوہ امریکی اہلکاروں کو یمن کی سرحد سے 20 میل کے دائرے میں سفر کرنے سے بھی روک دیا گیا ہے۔



















































