کابل (این این آئی)افغانستان میں شدید بارش اور برفباری نے تباہی مچادی ، 61 افراد ہلاک اور 100 سے زائد زخمی اور 458 مکانات مکمل یا جزوی طور پر تباہ ہو گئے ۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق افغان صوبے پروان، وردک،جنوبی قندھار، شمالی جوزجان ، فاریاب اور وسطی بامیان سمیت دیگر علاقوں میں بدھ سے برفباری اور بارش نے تباہی مچادی ۔افغانستان کی نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے بتایا کہ حالیہ دنوں میں ہونے والی شدید برفباری اور بارشوں کے نتیجے میں ملک بھر میں 61 افراد ہلاک اور 110 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
حکام نے بتایا کہ کم از کم 458 مکانات مکمل یا جزوی طور پر تباہ ہو گئے ہیں جبکہ شدید برفباری اور برفانی تودے گرنے کے خدشات کے باعث اہم شاہراہیں اور بین الصوبائی سڑکیں بند ہو چکی ہیں، لائیو اسٹاک کا بھی نقصان ہوا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق رواں ہفتے افغانستان کے بعض حصوں میں مزید برفباری کا امکان ہے، جس سے مزید جانی نقصان کا خدشہ ہے۔















































