اسلام آباد(نیوز ڈیسک) یورپی ملک لکسمبرگ نے فلسطین کو ایک آزاد ریاست کے طور پر تسلیم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یہ فیصلہ رواں ماہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران باضابطہ طور پر کیا جائے گا۔لکسمبرگ کے وزیراعظم لُک فریڈن نے کہا کہ گزشتہ چند مہینوں میں غزہ کی صورتحال انتہائی خراب ہوچکی ہے اور عالمی سطح پر دو ریاستی حل کے لیے ایک نئی لہر جنم لے رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جنرل اسمبلی میں لکسمبرگ ان ممالک کی صف میں کھڑا ہوگا جو فلسطین کو ریاست کے طور پر تسلیم کرتے ہیں۔تاہم وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے پارلیمانی کمیشن کو وضاحت دی کہ اس حوالے سے حتمی اعلان فرانس، بیلجیئم اور چند دیگر یورپی ممالک سے مشاورت کے بعد سامنے لایا جائے گا۔یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ لکسمبرگ واحد ملک نہیں جس نے حالیہ عرصے میں فلسطین کو تسلیم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سے پہلے فرانس، برطانیہ، آسٹریلیا، کینیڈا اور بیلجیئم بھی یہی قدم اٹھا چکے ہیں اور ان ممالک کی جانب سے باضابطہ اعلان اسی ماہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں متوقع ہے۔















































