اسلام آباد (نیوز ڈیسک) ترکیہ میں ایک بھارتی یوٹیوبر اس وقت مشکل میں پھنس گیا جب اس نے ایک مقامی دکان میں بھارتی پرچم نہ ہونے پر بدتمیزی شروع کر دی۔ اس واقعے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ترک حکام نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اسے حراست میں لے لیا، جب کہ سوشل میڈیا صارفین نے بھی اسے شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مذکورہ یوٹیوبر ایک دکان میں داخل ہوتا ہے جہاں دنیا بھر کے مختلف ممالک کے جھنڈے آویزاں ہیں، تاہم بھارت کا جھنڈا نظر نہ آنے پر وہ دکاندار سے سوال کرتا ہے۔ جب اسے بتایا جاتا ہے کہ بھارتی پرچم موجود نہیں تو وہ پہلے طنزیہ لہجے میں کہتا ہے کہ وہ خود دکاندار کے لیے بھارتی جھنڈا لے آئے گا، مگر کچھ ہی لمحوں بعد وہ آپے سے باہر ہو کر نازیبا زبان استعمال کرتا ہے اور گالیاں بکتے ہوئے دکان سے نکل جاتا ہے۔
ترک ذرائع ابلاغ کے مطابق، یوٹیوبر کے اس غیر مہذب رویے پر نہ صرف ترک عوام میں غصے کی لہر دوڑ گئی بلکہ ویڈیو کے وائرل ہونے پر حکام نے بھی فوری نوٹس لیا اور ملزم کو گرفتار کر کے اس کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا۔
مزید یہ کہ اس بھارتی یوٹیوبر کی جانب سے ترک خواتین کے بارے میں کیے گئے توہین آمیز تبصروں نے سوشل میڈیا پر عوامی غم و غصے میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ متعدد صارفین نے ایسے رویے کو سیاحتی اخلاقیات کے خلاف قرار دیتے ہوئے مذمت کی ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری کشیدگی کے دوران ترکیہ نے پاکستان کی کھل کر حمایت کی تھی، جس پر بھارت میں ناراضی پائی گئی۔ اس کے بعد متعدد بھارتی سیاحوں نے ترکیہ کے بائیکاٹ کا اعلان کیا تھا۔